پاک کالونی میں اسٹوڈنٹ ٹیلنٹ کلب قاضی کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد
گورنمنٹ اسکولز کی چار ٹیموں کی شاندار کارکردگی، گرین ٹیم نے ٹرافی اپنے نام کر لی
کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاک کالونی میں اسٹوڈنٹ ٹیلنٹ کلب قاضی کے زیر اہتمام دو روزہ ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنمنٹ اسکول کی چار ٹیموں نے حصہ لیا۔
ٹورنامنٹ میں ریڈ، بلیو، گرین، اور یلو ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فائنل میچ گرین اور بلیو ٹیم کے مابین ہوا، جس میں گرین ٹیم نے بلیو ٹیم کو 24 رنز سے شکست دی۔
ٹورنامنٹ میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ محسن، عبداللہ، اور حازم نے کیا، جبکہ عباد راحیل اور مصطفی نے شاندار بیٹنگ کی جس پر انہیں میڈلز اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ فائنل کے بعد رنر اپ ٹیم کے کپتان کو ایوارڈ اور ٹرافی دی گئی،
جبکہ فاتح گرین ٹیم کے کپتان عمران خان کو ٹرافی اور تمام کھلاڑیوں کو میڈلز پیش کیے گئے۔اس موقع پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس میمونہ جبیں، محمد نعیم، آرگنائزر ریحان اکرم، اور دیگر اساتذہ نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
ہیڈ مسٹریس میمونہ جبیں نے کہا کہ اس قسم کے مقابلوں کا مقصد گراس روٹ لیول پر طلبہ و طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے،
تاکہ وہ اپنی قابلیت کا مظاہرہ کر کے کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ آخر میں آرگنائزر اور سیکریٹری اسٹوڈنٹ ٹیلنٹ کلب قاضی، ریحان اکرم نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔