صائم ایوب کا ہارلے سٹریٹ کلینک میں چیک اپ، انجری کی صورتحال بہتر قرار
ہارلے سٹریٹ کلینک کے ڈاکٹرز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز صائم ایوب کی ٹخنے کی انجری کی صورتحال کو بہتر قرار دے دیا ہے۔
اس حوالے سے صائم ایوب نے کہا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آگئی ہے، ڈاکٹرز نے بتایا ہے ٹخنہ بہتر ہے اس پر وزن ڈال سکتا ہوں، رپورٹس میڈیکل پینل کو بھیجی جائیں گی۔
صائم ایوب قومی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچے تھے، گزشتہ روز بھی کنسلٹنٹ ٹراما اینڈ آرتھوپیڈک پاؤں اور ٹخنوں کے سرجن جیاسیلان نے ان کا چیک اپ کیا تھا۔
اظہر محمود نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ بیٹر کی صحت سے متعلق مثبت پیشرفت ہو رہی ہے، جو بھی رپورٹ ہے میڈیکل پینل کو بھیجی جائے گی۔
یاد رہے کہ صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے سے 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں، وہ لندن میں ہی مقیم ہیں اور ہارلے اسٹریٹ کلینک سے ان کا علاج جاری ہے۔