پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : محمد طحہ 86 ناٹ آؤٹ اور فواد عالم 82 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں۔
اسلام آباد ؛ 9 جنوری ۔ نوازگوھر
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے دن ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 406 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔گزشتہ روز قاسم اکرم اور مبصرخان نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔عماد بٹ نے85 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
پی ٹی وی نے کھیل ختم ہونے پر اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 260 رنز بنائے تھے محمد طحہ 86 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔یاسر خان 59 اور محمد شہزاد 70 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں کے آر ایل کی ٹیم واپڈا کے 268 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 151 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمران رفیق نے 54 رنز اسکور کیے۔ محمد ذیشان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
واپڈا نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر114 رنز بنائے تھے۔محمد اخلاق 56 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔محمد عمار 44 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ واپڈا کی مجموعی برتری 231 رنز کی ہوچکی ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کی ٹیم ایشال ایسوسی ایٹ کے 341 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 224 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد عمران خان نے54 رنز اسکور کیے۔طاہر حسین نے46 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
ایشال ایسوسی ایٹ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 120 رنز بنائے تھے۔اذان اویس نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کی اور وہ 8 چوکوں کی مدد سے 53 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
ایشال ایسوسی ایٹ کو237 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوچکی ہے۔
ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم او جی ڈی سی ایل کے 171 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔فواد عالم نے82 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ چھ بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے۔مشتاق کلہوڑو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
او جی ڈی سی ایل نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔عباس علی 68 اور سردار حسن رضا 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔