کراچی ; تین روزہ ’سندھ اسپیشل گیمز‘ کا آغاز
سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے اسپیشل بچوں کے لیے 3 روزہ سندھ اسپیشل گیمز کا آغاز ہوگیا ہے۔ سندھ اسپیشل گیمز میں کراچی کے 1200 سے زائد اسپیشل بچے شرکت کریں گے۔
وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے سیکریٹری کھیل کے ہمراہ کراچی میں 3 روزہ سندھ اسپیشل گیمز کا افتتاح کیا۔ اسپیشل گیمز میں ایتھلیٹکس، آرچری، بیڈمنٹن، تائیکوانڈو، ٹینس، فٹبال اور دیگر گیمز شامل ہیں۔ سندھ اسپیشل گیمز میں کراچی کے 30 سے زائد ادارے شریک ہیں۔
سندھ اسپیشل گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھر جیپ ریلی، تھر اسپورٹس فیسٹول اور بیچ گیمز کے علاوہ سالانہ کیلنڈر میں ہمیشہ کے لیے اب اسپیشل گیمز رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس سال اسپیشل گیمز کے اسکوپ کو بڑھائیں، میں چاہتا ہوں کہ یہ اسپیشل بچے انٹرنیشنل لیول پر کھیلیں،
21 فروری کو 21ویں صدی میں نوجوانوں کے چیلنجز پر کانفرنس رکھی ہے، گھوٹکی میں اسپورٹس فیسٹیول رکھا ہے جبکہ تھر اسپورٹس فیسٹیول کا بھی انعقاد کرائیں گے۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ 17 سال بعد نیشنل گیمز کی میزبانی سندھ کرے گا، پہلی بار سندھ میں ای اسپورٹس کو بھی پذیرائی دی جائے گی، سندھ کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ وہ صوبے کا نام روشن کرسکیں۔۔
انہوں نے کہا کہ تھر جیپ ریلی کرانے جارہے ہیں، چاہتے ہیں کہ پنجاب کے کھلاڑی بھی سندھ آکر کھیلوں میں حصہ لیں۔