پاکستان ، ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی

پاکستان، ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی،

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔ تقریب رونمائی میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان کریگ براتھویٹ شریک ہوئے۔

کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سائیکل میں یہ ہماری آخری ٹیسٹ سیریز ہے جسے ہم جیت کے ساتھ ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ایک اچھی ٹیم ہے جس میں بہت سے باصلاحیت کھلاڑی ہیں، لیکن ہم اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم کے بہت سے کھلاڑی پہلی بار پاکستان آرہے ہیں اور ہم بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے، ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے خلاف کارکردگی دکھانا ہوگی، ہم نے اس کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہے جہاں وہ میزبان پاکستان ٹیم کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جنوری تک ملتان میں ہی کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان اے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا 3 روزہ وارم اپ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ میچ انتہائی دلچسپ اور کانٹے دا ر ہوگا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ ملتان میں گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دی تھی۔

تعارف: News Editor