ریجنل انڈر`15 ۔ انڈر `17 اور ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان

پی سی بی نے ریجنل انڈر`15 ۔ انڈر `17 اور ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد ؛ 19 جنوری۔ نوازگوھر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج ریجنل انڈر 15، انڈر 17 اور ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹرائلز کے فیز 1 کے شیڈول کا اعلان کیا ہے جو پیر 20 جنوری سے اتوار 26 جنوری تک پورے پاکستان میں ہونے والے ہیں۔

یہ ٹرائلز تمام ایج گروپ کھلاڑیوں کے لیے اوپن ہیں اور اسکے لیے کھلاڑیوں کو کسی فارم کو بھرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پی سی بی نے ریجنل انڈر13 اور انڈر 16 کیٹیگریز کو انڈر 15 اور انڈر 17 میں ری برانڈ کیا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ان کے متعلقہ عمر کے گروپوں میں سیکھنے اور بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

سال 2025 پاکستان بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ُپرجوش ہوگا کیونکہ پی سی بی اس سال کے آخر میں بہترین انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے چیمپئنز ایونٹس کا آغاز کرنے والا ہے جہاں تمام ریجنز سے ٹاپ انڈر 19 کھلاڑی کھیلیں گے۔

سب سے پہلے ریجنل انڈر 15 اور انڈر 17 ٹیموں کے انتخاب کا عمل ڈسٹرکٹ سطح پر شروع ہوگا جس میں پی سی بی کے مقرر کردہ سلیکٹرز تمام 16 ریجنز کے ہر ضلع/ زون میں ٹرائلز منعقد کریں گے

جس میں زیادہ سے زیادہ آٹھ کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جا سکے۔ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں 10 کھلاڑیوں کو فیز 1 ٹرائلز کے ذریعے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔

انڈر 15 سلیکشن کے لیے یکم ستمبر 2009 کو یا اس کے بعد اور یکم ستمبر 2012 سے پہلے پیدا ہونے والے کھلاڑی اہل ہوں گے جبکہ انڈر 17 ٹیموں میں سلیکشن کے لیےیکم ستمبر 2007 کو یا اس کے بعد اور یکم ستمبر 2011 سے پہلے پیدا ہونے والے کھلاڑی اہل ہوں گے۔

انڈر15 اور انڈر17 ٹرائلز کا پہلا مرحلہ 20-24 جنوری تک ہوگا اور ٹرائلز کے فیز 2 میں ہر ضلع/زون سے منتخب انڈر 15 اور انڈر 17 کھلاڑی فائنل سلیکشن ٹرائلز اور عمر کی ویریفیکیشن کے بون ٹیسٹ کے لیے اپنے متعلقہ علاقائی ہیڈ کوارٹر جائیں گے۔ دوسرے مرحلے کا شیڈول مقررہ وقت پر ریجنز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

تمام 16 ریجنز میں انڈر 15 اور انڈر 17 ٹیموں کے جمع ہونے کے بعد، پی سی بی انٹر ریجنل نیشنل انڈر 15 اور انڈر 17 ون ڈے ٹورنامنٹس کا اہتمام کرے گا۔

ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹرائلز 21 سے 26 جنوری تک 113 اضلاع/زون میں ہوں گے جن میں یکم ستمبر 2006 کو یا اس کے بعد پیدا ہوئے اور یکم ستمبر 2010 سے پہلے پیدا ہونے والے حصہ لینے کے اہل ہیں۔

پہلے مرحلے میں ہر ضلع/زون میں کل 60 انڈر 19 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا سوائے علاقائی ہیڈ کوارٹر کے، جہاں 90 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔

انڈر19 ٹرائلز کے دوسرے مرحلے میں، انٹرا ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ جو کہ 16 ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں ہوگا، کے ذریعے اسکواڈز کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ سوائے ریجنل ہیڈ کوارٹر کے باقی ہر ضلع کی انڈر 19 ٹیم کے حتمی اسکواڈز کا انتخاب عمرکے بون ٹیسٹ کی تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔

تعارف: News Editor