کوئٹہ میں انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ، محمد وسیم نے ورلڈ گولڈ ٹائٹل جیت لیا

کوئٹہ میں انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ، محمد وسیم نے ورلڈ گولڈ ٹائٹل جیت لیا
کوئٹہ: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبلیو بی اے ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا،
انہوں نے وینزویلا کے باکسر وسیٹون اورونو کو نویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے فتح سمیٹی، جس پر پولو کلب میں موجود تماشائیوں نے کھڑے ہو کر داد دی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق جنوبی ایشیا کی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) کے زیر اہتمام یہ چیمپئن شپ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد ہوئی
جو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے لیے ایک تاریخی موقع تھا، ایونٹ کا انعقاد کوئٹہ کے پولو کلب میں کیا گیا جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے پسندیدہ باکسرز کی حوصلہ افزائی کی۔
چیمپئن شپ میں مختلف ممالک سے عالمی شہرت یافتہ باکسرز نے شرکت کی، کل 8 مقابلے ہوئے جن میں 4 ٹائٹل فائٹس شامل تھیں، برطانیہ کے جیمی گیلی، سہیل اقبال اور الیگز ڈیلمغانی نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کی، اسی طرح مراکش کے طارق زائنا اور میکسیکو کے جیسس سراچو بھی اپنی فائٹس جیتنے میں کامیاب رہے۔
خواتین کے مقابلوں میں بھی پاکستانی باکسرز نے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، فاطمہ ہزارہ اور ملائکہ نے اپنے ہم وطن حریفوں کو شکست دے کر ناظرین سے خوب داد سمیٹی، خواتین فائٹس کو بھی بھرپور پذیرائی ملی اور یہ لمحہ خواتین کی کھیلوں میں شرکت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
محمد وسیم نے اپنی فتح کے بعد کہا کہ “یہ جیت میرے ملک کے نام ہے۔ کوئٹہ جیسے خوبصورت شہر میں بین الاقوامی مقابلہ جیتنا میرے لیے ایک خواب کی تعبیر ہے۔”
ایونٹ کے اختتام پر شرکاء اور مہمانوں نے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن اور مقامی منتظمین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی باکسنگ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد ممکن بنایا۔



