
خیبر پختونخواہ لیکروس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مردان میںٹریننگ کیمپ کا انعقاد
ُپشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) خیبر پختونخواہ لیکروس ایسوسی ایشن کے صدر سید سالار جہان باچہ کی خصوصی ہدایت پر، صوبے کے ہر ضلع میں لیکروس کے فروغ کے لیے ایک جامع پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت، مردان اسپورٹس کمپلیکس میں ایک کامیاب لیکروس کلینک ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں 30 خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی، جنہیں لیکروس کھیل کی بنیادی تربیت دی گئی۔
اس موقع پر مردان کے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ساجدآفریدی نے کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹس، شیلڈز، اور لیکروس اسٹکس تقسیم کیں۔ انہوں نے KPLA کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ جولائی میں مردان میں لیکروس چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
تقریب کے دوران مردان اسپورٹس کمپلیکس میں لیکروس اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، جو نوجوان کھلاڑیوں کی مستقل تربیت کا مرکز بنے گی۔ اس موقع پر ریجنل اسپورٹس آفیسر سلیمان شاہ بھی موجود تھے۔
ورکشاپ کا انعقاد پاکستان قومی خواتین لیکروس ٹیم کی کپتان محترمہ گل پری نے کیا، جو اوکیناوا اوپن لیکروس چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کی کپتان بھی ہیں۔
دیگر معزز شرکاءمیں سید الیاس شاہ (صدر مردان ڈویڑنل لیکروس ایسوسی ایشن)، سید اسحاق شاہ اور انجینئر طیفور زرین بھی شامل تھے۔یہ کلینک خواتین کی کھیلوں میں شرکت اور خیبر پختونخواہ میں لیکروس کے فروغ کی طرف ایک اہم قدم ہے۔



