
نیشنل گیمز:سندھ آرچری ٹیموں کی تشکیل کے لئے ٹرائلز کااعلان
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) سندھ آرچری ایسوسی ایشن نے نیشنل گیمز میں شرکت کرنے والی سندھ کی مینز اور ویمنزآرچری ٹیموں کی تشکیل کے سلسلے میں ٹرائلز کا اعلان کر دیا ہے۔
70میٹرز اور72ایروز پر مشتمل ٹرائلز 10اکتوبر بروز جمعہ صبح ساڑھے دس بجے سے سہ پہرساڑھے تین بجے تک پبلک اسکول حیدرآباد لطیف آباد میں منعقد کئے جائیں گے۔
اس ضمن میں سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل سید اعجاز علی کی جانب سے جاری کردہ ڈائرکٹو میں اندرون سندھ سے منسلک حیدرآبادآرچری ایسوسی ایشن،
میر پور خاص آرچری ایسوسی ایشن،شہید بے نظیر آبادآرچری ایسوسی ایشن،سکھرآرچری ایسوسی ایشن اور لاڑکانہ ڈویژن آرچری ایسوسی ایشن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں
کہ وہ شیڈول ٹرائلز میں اپنے بہترین مرداوربہترین خواتین تیر اندازوں کو شرکت کے لئے نامزد کریں،جن کے ساتھ ایک آفیشل بھی موجود ہوگا۔ٹرائلز میں شرکت کرنے والے تیر اندازوں اور آفیشل کے نام اور تفصیلات کنفرم کرنے کی آخری تاریخ 9اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
ان ٹرائلز کا انعقادسندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی ہدایات کی روشنی میں کیاجا رہا ہے۔نیشنل گیمز دسمبر میں کراچی میں منعقد ہونگے۔



