پاکستانی پہلوان ولید علی کلیئر کی نیو جرسی میں کامیابی، ناگا چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستانی پہلوان ولید علی کلیئر کی نیو جرسی میں کامیابی، ناگا چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
لاہور: پاکستان کے ابھرتے ہوئے جوجٹسو اور گراپلنگ ایتھلیٹ ولید علی کلیئر نے امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر وائلڈ ووڈ میں منعقدہ "ناگا بیٹل ایٹ دی بیچ گراپلنگ اینڈ برازیلین جوجٹسو چیمپئن شپ” میں گولڈ میڈل جیت کر نیا تاریخ رقم کر دیا ہے۔
وائلڈ ووڈز کنونشن سینٹر میں یکم اور 2 اگست کو منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی ایونٹ میں دنیا بھر سے بالخصوص شمالی امریکہ سے سینکڑوں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
نارتھ امریکن گراپلنگ ایسوسی ایشن (NAGA) کے زیر اہتمام ہونے والے ان مقابلوں کو دنیا کی سب سے بڑی مکسڈ گراپلنگ چیمپئن شپس میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں اب تک دنیا بھر کے سات لاکھ سے زائد کھلاڑی حصہ لے چکے ہیں۔
ولید علی کلیئر ناگا بیٹل ایٹ دی بیچ میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی جوجٹسو ایتھلیٹ بن گئے ہیں، جو پاکستان کی گراپلنگ برادری کے لیے ایک انتہائی اہم اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
پاکستانی پہلوان نے فائنل مقابلے میں شاندار تکنیک، ضبط اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 40 سیکنڈز میں اپنے حریف کو "کیسا گاٹامے” (Kesa Gatame) سبمیشن ٹیکنیک کے ذریعے چت کر کے شاندار فتح حاصل کی۔
اس برق رفتار فائنل نے ان کی بین الاقوامی مارشل آرٹس میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں پر مہر ثبت کر دی ہے۔
"بیٹل ایٹ دی بیچ” چیمپئن شپ میں جی (Gi) اور نو-جی (No-Gi) دونوں طرح کے برازیلین جوجٹسو اور گراپلنگ کے مقابلے شامل ہوتے ہیں، جس میں مختلف عمروں اور مہارت کے حامل کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔
ناگا اس ایونٹ کو اپنے سالانہ اہم ترین مقابلوں میں شمار کرتا ہے۔ ولید کلیئر کی اس کامیابی کو پاکستانی جوجٹسو کے لیے ایک عظیم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،
جو ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنی پہچان بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کی اس تاریخی کامیابی سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے خواہش مند نوجوان کھلاڑیوں کی بھی حوصلی افزائی ہو گی۔
ولید کی اس شاندار کامیابی پر پاکستان کے کھیل کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کے لیے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
اس فتح نے نہ صرف عالمی مارشل آرٹس میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے قد کاٹھ کو نمایاں کیا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کیا ہے کہ پاکستانی ایتھلیٹس روایتی کھیلوں سے ہٹ کر بھی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
تاریخی کامیابی کے بعد ولید علی کلیئر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ فتح ان کی مستقبل کی بین الاقوامی کامیابیوں کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گی اور پاکستانی گراپلرز کی نئی نسل کو عالمی اسٹیج پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے مشعلِ راہ بنے گی۔



