کرکٹ

آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کی 10 ٹیمیں فائنل ہوگئیں، ویسٹ انڈیز کو کوالیفائر کھیلنا ہوگا

آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کی 10 ٹیمیں فائنل ہوگئیں، ویسٹ انڈیز کو کوالیفائر کھیلنا ہوگا

ورلڈکپ 2027 کی دوڑ تقریباً واضح ہوگئی۔ پاکستان سمیت بڑی ٹیموں نے عالمی میلے میں براہِ راست جگہ بنا لی، جبکہ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اب ورلڈکپ میں پہنچنے کے لیے کوالیفائر کا امتحان دے گی۔

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں براہ راست رسائی حاصل کرنے والی 10 ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ افغانستان کی حالیہ کامیابی کے بعد پاکستان سمیت آٹھ ٹاپ رینکنگ ٹیموں نے براہ راست جگہ بنالی ہے،

جبکہ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو اب ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائر مرحلہ کھیلنا پڑے گا۔آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 پہلی مرتبہ 14 ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔

میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے کو میزبانی کی بنیاد پر پہلے ہی ٹورنامنٹ میں براہ راست رسائی حاصل ہوچکی ہے۔

آئی سی سی کے طریقہ کار کے مطابق 30 ستمبر تک ون ڈے رینکنگ میں میزبان ٹیموں کے علاوہ ٹاپ آٹھ پوزیشنز پر موجود ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

افغانستان نے بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف سنسنی خیز فتح کے بعد اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں جگہ یقینی بنا لی ہے۔

یوں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور افغانستان براہ راست کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیمیں ہوں گی، جبکہ جنوبی افریقا اور زمبابوے بطور میزبان پہلے ہی ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب آئی سی سی رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کے پاس بھارت کے خلاف دو ون ڈے میچز باقی ہیں، تاہم دونوں میچ جیتنے کی صورت میں بھی وہ ٹاپ آٹھ میں جگہ نہیں بنا سکے گی۔

اس کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز کو فروری 2027 میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائر کھیلنا ہوگا، جہاں دیگر ٹیموں کے ساتھ مقابلے کے بعد عالمی کپ میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔

ورلڈ کپ کوالیفائر میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو اور چیلنج لیگ سے کوالیفائی کرنے والی ایسوسی ایٹ ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک جاری رہنے والے اس کوالیفائر ٹورنامنٹ سے آخری چار ٹیمیں ورلڈ کپ 2027 کے لیے منتخب ہوں گی۔

ورلڈ کپ 2027 میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تصویر واضح ہونے کے بعد اب تمام نظریں کوالیفائر مرحلے پر ہوں گی، جہاں باقی چار نشستوں کے لیے سخت مقابلے متوقع ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!