
باجوڑمیں کھیلوں کوفروغ دیکر گراس روٹس لیول پر ٹیلنٹ تلاش کریں گے، راحید گل ملاگوری
رپورٹ: غنی الرحمن ; نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا ہی ان کی اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے وہ ہر سطح پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر دیکھنا چاہتے ہیں،
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر باجوڑ راحید گل ملاگوری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع دینا ان کا بنیادی حق ہے اور ہم اپنی تمام تر توانائیاں گراس روٹس لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش اور فروغ کیلئے وقف کر چکے ہیں۔
باجوڑسپورٹس کمپلیکس اور ماموند گراؤنڈسمیت دیگر علاقوں میں پھی سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیئے جائیں گے۔ جس سے علاقے میں شعبہ کھیل کوصحیح معنوں میں فروغ ملےگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک خصوصی انٹرویو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راحید گل ملاگوری نے کہا کہ باجوڑ سپورٹس کمپلیکس کو مزید فعال اور جدید بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم صرف کھلاڑیوں کیلئے سہولیات نہیں بڑھا رہے بلکہ مختلف عمر کے شہریوں کیلئے بھی واکنگ ٹریک بنائیں گےاور اس کیلئے باقاعدہ ممبرشپ کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں ایک معیاری ہاسٹل کے ساتھ ساتھ کرکٹ، فٹبال، ہاکی، جمنازیم ہال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور دیگر انڈور گیمز کی سہولیات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باجوڑ کے ماموند علاقے میں بھی ایک بہترین کرکٹ اور فٹبال گراؤنڈ قائم کیا جا چکا ہے، جہاں نوجوان با آسانی کھیل سکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی کھیلوں کے گراؤنڈز تعمیر کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو اپنے قریبی علاقوں میں ہی کھیلنے کے مواقع میسر آئیں۔
ہمیں احساس ہے کہ نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیاں کتنی اہم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم کھیلوں کو ان کے دہلیز تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔
راحید گل ملاگوری نے بتایا کہ انہیں باجوڑ میں تین ماہ قبل تعینات کیا گیا تھا، تاہم اس قلیل عرصے میں کئی مقامی سطح کے مقابلے منعقد کیے جا چکے ہیں اور اس سلسلے کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے باجوڑ کے ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں کھیلوں کو جو تعاون حاصل ہے، وہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ ہمیں شاہد علی خان جیسے اسپورٹس لور افسر کی قیادت میسر ہے، انشاء اللہ ان کی سرپرستی میں مختلف کھیلوں کے لاتعداد مقابلے باجوڑ میں منعقد کرائیں گے۔
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر باجوڑراحیدگل ملاگوڑی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا ہی ان کی اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے وہ ہر سطح پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
ہم اپنے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر دیکھنا چاہتے ہیں، اور یہ تب ہی ممکن ہے جب انہیں بچپن سے ہی کھیلوں کی معیاری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔



