
پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر اولمپک کیفے خالی کرکے پی ایس بی کو حوالے کردی گئی
پشاور( سپورٹس لنک) طویل قانونی جنگ کے بعد بالآخر پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر پشاور کے جمنازیم ہال کے ساتھ واقع بڑا ہال اور خالی جگہ اولمپک کیفے کی انتظامیہ سے خالی کرا لی گئی،
جسے عدالتی اہلکار اور پولیس کی موجودگی میں سینٹر کے ڈائریکٹر محمد اکرم بھٹی کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ جگہ 2007ء میں اولمپک کیفے کو کرایہ پر دی گئی تھی اور معاہدے کے مطابق کرایہ داری کی مدت 2015ء تک توسیع ہوتی رہی۔
تاہم مدت ختم ہونے کے بعد پی ایس بی کوچنگ سینٹر انتظامیہ نے کیفے انتظامیہ کو جگہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا، لیکن انہوں نے خالی کرنے کے بجائے معاملہ عدالت میں چیلنج کر دیا۔
پی ایس بی نے کیس کی پیروی کرتے ہوئے پہلے سول کورٹ کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ میں کیس جیت جیت گیا۔ اسی دوران پی ایس بی نے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے رینٹ کنٹرولر کی عدالت میں اولمپک کیفے کے خلاف بیدخلی کی دعویٰ دائر کیا، جو پی ایس بی کے حق میں فیصلہ ہوا۔
بعدازاں اولمپک کیفے انتظامیہ نے اس فیصلے کو ایک بار پھر عدالت عالیہ میں چیلنج کیا، تاہم 11 جولائی 2025 کو پشاور ہائی کورٹ نے بھی پی ایس بی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے فوری طور پر قبضہ خالی کرنے کے احکامات جاری کیے۔
عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پولیس اور عدالتی عملے کی موجودگی میں متنازعہ جگہ خالی کروا کر پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر پشاور کے ڈائریکٹر محمد اکرم بھٹی کے حوالے کردی گئی۔



