ٹٰینس

لاہور میں لانگ بیچ ٹینس سینٹر امریکا کا افتتاح، بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی تیار کرنے کا عزم

لاہور میں لانگ بیچ ٹینس سینٹر امریکا کا افتتاح، بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی تیار کرنے کا عزم

لاہور (6 دسمبر 2025): پاکستان میں ٹینس کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ہفتہ کے روز سنٹرل پارک ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سنٹرل پارک اسپورٹس کمپلیکس میں لانگ بیچ ٹینس سینٹر امریکا کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔

تقریبِ افتتاح کا اہتمام اربن ڈویلپرز گروپ نے کیا، جہاں ٹینس کے علاوہ کرکٹ، پیڈل کورٹ، فٹ بال اور بیڈمنٹن سمیت دیگر عالمی معیار کی سہولیات بھی متعارف کرائی گئیں۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اربن ڈویلپرز گروپ کے چیئرمین میاں طاہر جاوید تھے، جبکہ پنجاب کے سیکریٹری اسپورٹس مدثر ریاض ملک، لانگ بیچ ٹینس سینٹر امریکا کے چیئرمین و مالک سڈ صدیقی، امریکا سے آئے مہمانانِ خصوصی عامر رؤسل اور صفدر قریشی، معروف امپائر علیم ڈار اور امریکی کوچز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

اکیڈمی میں امریکا سے آئے ہوئے غیرملکی تربیت یافتہ کوچز جدید ٹریننگ، فٹنس پروگرامز اور پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کریں گے۔ پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے جلد اوپن ٹرائلز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سڈ صدیقی نے کہا کہ وہ امریکا میں طویل عرصے سے ٹینس کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور اب وطن کی محبت نے انہیں پاکستان میں بھی کھیل کی خدمت پر آمادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنٹرل پارک میں قائم کی گئی یہ اکیڈمی امریکا جیسے معیار پر کھلاڑی تیار کرے گی تاکہ پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔

سیکریٹری اسپورٹس مدثر ریاض ملک نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ضرورت صرف بروقت شناخت اور مناسب تربیت کی ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو ٹینس کے فروغ کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔

سڈ صدیقی نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایک سال کے اندر لاہور میں بین الاقوامی ٹینس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی مقابلے کا موقع مل سکے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!