PSL2026

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 11 کا ابتدائی شیڈول تیار کر لیا گیا

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 11 کا ابتدائی شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔

26 مارچ کو افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کے درمیان کرانے کی تجویز ہے، تمام فرنچائزز کے نمائندوں سے میٹنگ میں شیڈول پر بات ہوئی، سب کی تجاویز جاننے کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق 2 نئی ٹیموں کی شمولیت سے پاکستان سپر لیگ کا 11 واں ایڈیشن 26 مارچ کو شروع ہوگا، 22 سے 25 تاریخ تک پریکٹس سیشنز ہوں گے، روایتی طور پر پہلا میچ دفاعی چیمپیئن ٹیم کا ہی ہوتا ہے۔

ذرائع کے مطابق 26 مارچ کو لاہور قلندرز قذافی سٹیڈیم میں نئی فرنچائز حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین سے مقابلہ کریں گے۔ میچز لاہور، کراچی، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے پشاور میں بھی میچز کروانے کا اعلان کیا ہے، 28 مارچ کو زلمی کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ سے فلڈ لائٹس میں ہوگا۔ کوالیفائر ون 2 مئی کو راولپنڈی میں ہونا ہے،

الیمنیٹر ون کا انعقاد اگلے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کیا جائے گا۔ اسی وینیو پر 5 مئی کو الیمنیٹر ٹو ہونا ہے، فائنل 10 مئی کو کھیلا جائے گا، گوکہ میزبان کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا البتہ امکان یہی ہے کہ قذافی سٹیڈیم پر ہی انعقاد ہو۔

پی ایس ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ نئی ٹیمیں پنڈیز، حیدرآباد ہیوسٹن کنگزمین اور سیالکوٹ سٹالینز بھی شرکت کریں گی۔

ملتان سلطانز کے معاہدے کی پی سی بی نے توسیع نہیں کی، اس فرنچائز کے اونرز نے نام پنڈیز رکھ لیا۔ سیالکوٹ سٹالینز کو خریدنے والی پارٹی مالی مشکلات کا شکار ہے، اکثریتی شیئرز خریدنے کی امیدوار نئی کمپنی ملتان نام رکھنے پر غور کر رہی ہے، چند روز میں صورتحال واضح ہوگی۔

شیڈول کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 12 میچز ہوں گے۔ راولپنڈی میں 10، فیصل آباد میں 7، کراچی میں 6، ملتان میں 5 اور پشاور میں 2 میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال پی ایس ایل میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی نئی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ ملتان سلطانز کی جگہ پنڈیز ٹیم شامل ہوگی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!