ہاکی

صدر محی الدین وانی سے قومی ہاکی ٹیم کی ملاقات ، 30 ملین روپے انعام کا اعلان

آٹھ سال بعد ورلڈ کپ تک رسائی:

قومی ہاکی ٹیم کی پی ایچ ایف صدر سے ملاقات، 30 ملین روپے انعام کا اعلان

اسلام آباد ; پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی سے قومی ہاکی ٹیم کی ملاقات ہوئی جس کی قیادت ہیڈ کوچ اولمپین خواجہ جنید نے کی۔ اس موقع پر ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صدر پی ایچ ایف نے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ میں پہنچنا ملکی ہاکی کے لیے خوش آئند اور امید افزا پیش رفت ہے۔

محی الدین وانی نے بتایا کہ پی ایچ ایف کے چیف پیٹرن اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے قومی ٹیم کے لیے 30 ملین روپے کے کیش انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ یہ کھلاڑی آئندہ بھی بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں۔

اس موقع پر ٹیم مینجمنٹ نے مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے حوالے سے صدر پی ایچ ایف کو تفصیلی بریفنگ بھی دی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر پی ایچ ایف نے آئندہ ایف آئی ایچ پرولیگ اور ہاکی ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاریوں کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان قومی کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی اور ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!