پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی، پہلی بار 8 ٹیموں کے ساتھ لیگ کا نیا دور شروع
افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ نئی ٹیم حیدرآباد کنگزمین سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا

پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی، پہلی بار 8 ٹیموں کے ساتھ لیگ کا نیا دور شروع
افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ نئی ٹیم حیدرآباد کنگزمین سے قذافی اسٹیڈیم لاہور
کراچی، 11 مارچ 2026: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کی آفیشل ٹرافی کی رونمائی آج کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب میں کی گئی، جس کے ساتھ ہی ملک کے مقبول ترین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا۔
تقریبِ رونمائی میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، آٹھوں ٹیموں کے نمائندگان، ٹائٹل اسپانسر ایچ بی ایل کے حکام، حنیف جیولرز کے نمائندگان اور میڈیا کے اراکین نے شرکت کی۔
یہ ٹرافی حنیف جیولرز نے ڈیزائن اور تیار کی ہے، جسے 18 ماہر کاریگروں نے ہاتھ سے تیار کیا۔ اس شاہکار کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 2600 سے زائد گھنٹے صرف کیے گئے۔ ٹرافی کا ڈیزائن گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سفر اور ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
ٹرافی کے نچلے حصے میں آٹھ زمرد تراش قیمتی پتھر لگائے گئے ہیں جو ایچ بی ایل پی ایس ایل کی آٹھ فرنچائزز کے رنگوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان شہروں کے فخر کی علامت ہیں جن کی یہ ٹیمیں نمائندگی کرتی ہیں۔
ٹرافی کی بلند ساخت مقابلے کی چوٹی تک پہنچنے کے لیے درکار نظم و ضبط، عزم اور ٹیم ورک کی علامت ہے، جبکہ اس کے اوپر بنا ہلال اور ستارہ اتحاد، امید اور قومی وقار کی ترجمانی کرتا ہے۔ ٹرافی کو 1600 سے زائد قیمتی پتھروں سے مزین کیا گیا ہے جو اس کی تیاری میں مہارت اور باریک بینی کو نمایاں کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا:
“ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے لیے یہ ایک تاریخی موقع ہے کیونکہ ہم 10 کامیاب سیزنز مکمل کرنے کے بعد ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران لیگ نئی ٹیموں کی شمولیت، ریکارڈ توڑ پلیئر آکشنز، اہم براڈکاسٹ معاہدوں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مداحوں کی بڑھتی ہوئی حمایت کے باعث مزید مضبوط ہوئی ہے۔
ہم ایچ بی ایل کے شکر گزار ہیں جو پہلے دن سے پاکستان سپر لیگ کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ میں فرنچائز مالکان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مسلسل اعتماد اور وابستگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ حنیف جیولرز نے ایک شاندار ٹرافی تیار کی جو اس لیگ کے وقار اور بلند عزائم کی حقیقی عکاسی کرتی ہے۔”
پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور چھ مقامات پر مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان جمعرات 26 مارچ کو کھیلا جائے گا



