
پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ پشتو کمنٹری متعارف
پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل 11) میں پہلی بار پشتو زبان میں کرکٹ کمنٹری متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسے لیگ کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس اقدام کا مقصد کھیل کے دائرہ اثر کو مزید وسیع کرتے ہوئے مختلف لسانی طبقات تک رسائی حاصل کرنا ہے۔
کرکٹ سے متعلق معتبر ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا تجربہ پشاور زلمی کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹیم کے باقی ماندہ میچز کے دوران ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پشتو کمنٹری نشر کی جائے گی،
تاکہ خیبر پختونخوا اور دیگر پشتو بولنے والے شائقین کو میچز سے براہ راست اور اپنی زبان میں لطف اندوز ہونے کا موقع مل سکے۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایونٹ کے اہم مرحلے میں پشاور زلمی کو کل اسلام آباد کے خلاف کوالیفائر میں میدان میں اترنا ہے، جہاں کامیابی کی صورت میں ٹیم براہ راست فائنل میں رسائی حاصل کرے گی، جبکہ ناکامی کی صورت میں اسے ایلیمینیٹر مرحلے میں ایک اور موقع ملے گا۔
دوسری جانب ٹورنامنٹ کا بڑا معرکہ 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہے، جہاں فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ اس مرحلے کے لیے شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
ادھر حکومت کی جانب سے بھی کرکٹ شائقین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لیگ کے پلے آف مقابلوں میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مداحوں کے لیے یہ خوشخبری دی گئی ہے، جس کے بعد اب شائقین براہ راست اسٹیڈیم جا کر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔



