سائیکلینگ

دسویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کا اختتام، SSGC گولڈ میڈلز میں سرفہرست

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا اگلے سال ساؤتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کرانے کا اعلان

 دسویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کا اختتام، SSGC گولڈ میڈلز میں سرفہرست

بحریہ ٹاؤن کراچی میں تین روزہ ایونٹ کا کامیاب انعقاد،

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا اگلے سال ساؤتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کرانے کا اعلان

کراچی : پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (PCF) کے زیر اہتمام دسویں نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 9 سے 11 اکتوبر تک بحریہ ٹاؤن کراچی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔

تین روزہ مقابلوں میں ملک بھر سے مرد، خواتین، جونیئرز، ماسٹرز اور دیگر کیٹیگریز کے سائیکلسٹس نے شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں، مہارت اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

چیمپئن شپ میں سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC)، پاکستان آرمی، پاکستان آرڈیننس فیکٹری، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اسکاوٹس اور دیگر ٹیموں نے حصہ لیا۔ ایونٹ کے دوران انفرادی ٹائم ٹرائل، ٹیم ٹائم ٹرائل اور روڈ ریسز کے مقابلے منعقد کیے گئے۔

اس چیمپئن شپ کی ایک نمایاں خصوصیت ماسٹرز کیٹیگریز کی شمولیت تھی، جن میں 40 سے 49 سال اور 50 سال سے زائد عمر کے سائیکلسٹس کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس کے ساتھ نوجوان مرد اور خواتین سائیکلسٹس کی شرکت کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔

میڈلز ٹیبل پر سوئی سدرن گیس کمپنی کی برتری
چیمپئن شپ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری نے تین، پاکستان آرمی نے ایک اور بلوچستان نے ایک گولڈ میڈل جیتا۔

مجموعی میڈلز ٹیبل کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے 16، پاکستان آرمی نے 7 خیبر پختونخوا نے 4 بلوچستان میڈلز حاصل کیے۔ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں نے قومی سطح پر سائیکلنگ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

حبیب میٹرو بینک کی معاونت، بحریہ ٹاؤن کا تعاون
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے مطابق حبیب میٹرو بینک نے چیمپئن شپ کے انعقاد میں بنیادی مالی معاونت فراہم کی، جبکہ الخدمت اور بحریہ ٹاؤن کراچی نے بھی تعاون کیا۔ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے سائیکلسٹس اور ایونٹ کے انتظامات کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کو سراہا گیا۔

شرکاء نے مقام، ٹریک اور مجموعی انتظامات کو خوش آئند قرار دیا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف قومی سائیکلنگ کو فروغ دیا بلکہ بحریہ ٹاؤن کراچی کو ملک بھر کے کھلاڑیوں اور شائقین کے سامنے متعارف کرانے کا موقع بھی فراہم کیا۔

اختتامی تقریب اور انعامات کی تقسیم
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب 11 اکتوبر کو منعقد ہوئی، جس میں حبیب میٹرو بینک کی محترمہ شریفہ حیدر علی س ایس ار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے سائیکلسٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی قیادت نے ایونٹ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے اداروں، اسپانسرز، ٹیموں، آفیشلز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

اگلے سال ساؤتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کا منصوبہ
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر نے اعلان کیا کہ بحریہ ٹاؤن کراچی میں بین الاقوامی سطح کے سائیکلنگ مقابلوں کے انعقاد کے امکانات پر کام کیا جائے گا۔

فیڈریشن کا منصوبہ ہے کہ ان شاء اللہ اگلے سال ساؤتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ بحریہ ٹاؤن کراچی میں منعقد کی جائے۔ اس مجوزہ ایونٹ کا مقصد پاکستان میں بین الاقوامی سائیکلنگ سرگرمیوں کو فروغ دینا،

قومی کھلاڑیوں کو علاقائی سطح پر مقابلے کے مواقع فراہم کرنا اور پاکستان کے مثبت کھیلوں کے تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ بین الاقوامی اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ ضروری مشاورت اور منظوری کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔

مالی مشکلات کے باوجود قومی چیمپئن شپ کا انعقاد
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے سالانہ گرانٹ یا دیگر مالی معاونت دستیاب نہ ہونے کے باعث قومی سطح کے مقابلوں کا انعقاد مشکل حالات میں کرنا پڑ رہا ہے۔

فیڈریشن کے مطابق حبیب میٹرو بینک کی معاونت اور دیگر اداروں کے تعاون سے چیمپئن شپ ممکن ہوئی۔ محدود وسائل کے باوجود قومی کھلاڑیوں کو مقابلے کے مواقع فراہم کرنا اور سائیکلنگ کی ترقی کے لیے سرگرمیاں جاری رکھنا فیڈریشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں سرکاری ادارے، نجی شعبہ اور کھیلوں سے وابستہ تنظیمیں قومی سائیکلنگ کی سرپرستی کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں گی تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں اور پاکستان بین الاقوامی مقابلوں میں مزید کامیابیاں حاصل کر سکے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!