راشد لطیف کا بڑا اعلان،ڈس ایبلڈ کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری

راولپنڈی (نواز گوہر سے) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و صدر پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن راشد لطیف نے پاکستان میں 4 ملکی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقادکی خوشخبری سنادی، پاکستان کرکٹ بورڈکی منظوری سے نومبر2018ء میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا انعقاد کراچی میں ہوگا جس کیلئے بھارت ، افغانستان اور بنگلہ دیش نے اپنی شرکت کی تصدیق بھی کردی جبکہ گورنر سندھ، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے باقاعدہ اجازت مل گئی ہے حکومت نے مکمل سیکورٹی اورتعاونکی یقین دہانی بھی کرادی ۔ انہوں نے پاکستان ڈس ایبلڈکرکٹ ایسوسی ایشن اور قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔ ان خیالات کا اظہار صدرپی ڈی ایس اے راشد لطیف نے گزشتہ روز پی سی بی جنرل منجر ڈومسٹک شفیق احمد ، اسپانسرزمنیجرآئی سی آرسی محمد یونس ، ای وی پی مارکیٹنگ پی ٹی سی ایل سید شہزاد شاہ ، اعزازی سیکرٹری پی ڈی ایس اے امیرالدین انصاری ، ڈائریکٹر صبیح اظہر اور میڈیامنیجر محمد نظام کے ہمراہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ چھٹی نیشنل ڈس ایبلڈٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپئین شپ کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا۔ صدرپی ڈی ایس اے راشد لطیف نے قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کی انٹرنیشنل مصروفیات کے حوالے سے بتایا کے اسی سال جولائی میں قومی ٹیم انگلینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی کرکٹ سیریز میں حصہ لے گی جس میں میزبان انگلینڈکے علاوہ بنگلہ دیش کی ٹیم شرکت کریگی جس کا دعوت نامہ انگلینڈ سے موصول ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ انگلینڈ میں سہہ فریقی سیریز کھیلنے جارہی ہیں۔ راشد لطیف نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اگلے سال 2019ء میں انگلینڈ میں ڈس ایبلڈ کرکٹ کا پہلا ورلڈ کپ منعقد ہوگا جو یقینا دنیائے ڈس ایبلڈ کرکٹ کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ڈس ایبلڈکرکٹ کا آغاز کراچی سے ہوا اور فائونڈر پیٹرن سلیم کریم نے تن تنہا اس کرکٹ کو پروان چڑھایا جو ناقابل یقین اور حیرت انگیز کارنامہ ہے جس پر میں سلیم کریم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آج ڈس ایبلڈ کرکٹ کراچی سے نکل کر پاکستان اور دنیا بھر میں کھیلی جارہی ہیں۔ اعزازی سیکرٹری پی ڈی ایس اے امیر الدین انصاری نے کہا کہ سپانسرزانٹرنیشنل اور نیشنل ایونٹ میںپی ڈی ایس اے کو جس انداز میں سپورٹ کیا ہے وہ یقینا ایک قابل شتائش اور حواصلہ افزاء اقدام ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ تعاون مستقبل میں ہونے والے نیشنل اور انٹرنیشنل ایونٹس میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے چھٹی نیشنل ڈس ایبلڈٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپیئن شپ 2018ء کے دوسرے مرحلے میں کھیلے جانے والے میچوں کی تفصیلات کا بھی اعلان کیا جس کے مطابق دوسرے مرحلے میں مزید 8ٹیمیں گروپ ’’سی‘‘میں اسلام آباد، لاہور ، آزاد کشمیر اورفاٹا جبکہ گروپ ’’ڈی‘‘میں راولپنڈی ، پشاور ، ابیٹ آباد اور سیالکوٹ شامل ہیں جن کے درمیان میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ، نیشنل کرکٹ گرائونڈ اور ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں 13فروری بروز منگل سے کھیلے جائینگے جبکہ دونوں گروپ کی فاتح ٹیم 16فروری کو دوسرے سیمی فائنل میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہونگی جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل دفاعی چیمپیئن ملتان اور دوسرے مرحلے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے مقام اور تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ افتتاحی روز 4میچ کھیلے جائیں گے۔

error: Content is protected !!