لاہور قلندرز کو آئندہ میچوں سے قبل بڑا دھچکا،،تفصیلات رپورٹ میں


شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں مسلسل پانچ میچز میں شکست کھانے والی ٹیم لاہور قلندرز کو ایک اور دھچکا، جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر کیمرون ڈیلپورٹ کی ہنگامی طور پر وطن واپسی ہورہی ہے۔کیمرون ڈیلپورٹ کی والدہ جنوبی افریقا میں انتقال کرگئی ہیں جس کی وجہ سے وہ ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر فوری طور پر وطن واپس روانہ ہورہے ہیں۔جنوبی افریقی آل راؤنڈر شارجہ سے ڈربن جائیں گے جہاں وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات ادا کریں گے۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ کیمرون کب واپس آئیں گے اور ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گے البتہ وہ آئندہ چند میچز کے لیے لاہور قلندرز کا حصہ نہیں ہوں گے۔اس حوالے سے لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور منیجر ثمین رانا نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’انتہائی دکھ کے ساتھ ہم سب کو آگاہ کررہے ہیں کہ کیمرون ڈیلپورٹ کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے، ہماری ہمدردیاں ڈیلپورٹ اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ کیمرون ڈربن کے لیے روانہ ہورہے ہیں اور وہ اگلے میچ میں لاہور قلندرز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ثمین رانا نے یہ بھی کہا کہ وہ فی الحال ڈیلپورٹ کی واپسی کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے، اس حوالے سے وقت آنے پر کچھ کہا جاسکے گا۔خیال رہے کہ پی ایس ایل تھری میں لاہور قلندرز نے 5 میچز کھیلے ہیں اور اسے پانچوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
شارجہ،پاکستان سپر لیگ،ایڈیشن،آل رائونڈر،کیمرون ڈیلپورٹ،ہنگامی

error: Content is protected !!