نیشنل کلب چمپئن شپ ‘عنایت اﷲ چھا گئے ‘ ڈبل سنچری بنائی اور5شکار کئے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونIIIکی زیر نگرانی فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ کے فائنل میں بقائی ڈولفن سی سی اور شمیل سی سی نے اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔ نیوگلستان سی سی اور محمد حسین سی سی کو شکست کا سامنا۔ فائنل آج(جمعرات)ایسٹرن اسٹار گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔بقائی ڈولفن کے عنایت اﷲ خان نے کیریر بیسٹ پرفارمنس دی پہلے بیٹنگ میں 235ناقابل شکست رنز بنائے بعدازاں 5حریف بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلی وکٹ پر اسد نواب کے ہمراہ ریکارڈ 340رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ اسد نواب نے بھی سنچری اسکور کی۔گلستان سی سی کے جان زہیب کی نصف سنچری ان کی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ شمیل سی سی نے مضبوط حریف محمد حسین سی سی کو 13رنز سے قابو کیا۔ امت روی نے فاتح ٹیم کیلئے نصف سنچری اسکورکی۔ ذیشان جمیل اور محمد الیاس نے 3,3وکٹیں اپنے نام کیں۔ رابش احمد کے 48رنز اورتوحید خان کی 3وکٹیںکارگر ثابت نہ ہوسکیں۔ایونٹ میں فارمیٹ کے مطابق پہلے اور دوسرے مرحلہ میں زونIIIکی رجسٹرڈ ٹیموں کے ابین ناک آؤٹ میچز کھیلے گئے۔ 6کامیاب ٹیموںکو 3,3کے 2گروپ میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ ’اے‘ سے شمیل سی سی اور گروپ ’بی‘ سے بقائی ڈولفن نے بحیثیت گروپ چمپئن فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے ایسٹرن اسٹار گراؤنڈ پر بقائی ڈولفن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40اوورز میں 2وکٹوں پر 356رنز بھاری بھرکم ٹوٹل اسکور بورڈ پر لگایا۔عنایت اﷲ خان نے دھواں دھار بیٹنگ کی اور 141گیندوںکا سامنا کرتے ہوئے 25چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 235رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ اسد نواب کے 110رنز 11چوکوںکی مرہون منت تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 340رنز کی ریکارڈ شراکت بنائی۔ امیر حمزہ کو 65رنز پر ایک وکٹ ملی۔ نیو گلستان سی سی کی جوابی اننگز 33اوورز میں 172رنز پر سمٹ گئی۔ جان زہیب نے 4چوکے لگا کر 53رنز کی بھرپور مزاحمتی اننگز کھیلی۔ امیر حمزہ نے 39رنز میں 5چوکے لگائے۔ جوشوا اعظم نے 20رنز میں 3چوکے مارے۔ عنایت اﷲخان نے 31رنز پر 5کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔یاسین اﷲ خان کو 26رنز پر 2وکٹ ملے۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں شمیل سی سی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 39.4اوورز میں 206رنز پر پویلین روانہ ہوگئی۔ امت روی نے 2چوکے لگا کر51رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ آصف نواز کے 38رنز میں 3چوکے شامل تھے۔ آدرش ناظم کے 33رنز 5چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل تھے۔محمد الیاس کی 23رنز کی اننگز 3چوکوں سے سجی تھی۔توحید خان نے 33رنز پر 3کھلاڑیوںکو میدان بدر کیا۔محمد حسین سی سی کی جوابی اننگز 39.2اوورز میں مکمل ہوگئی جب 193رنز پر پوری ٹیم ہمت ہارگئی۔ رابش احمد 7چوکوں کی بدولت 48رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جاوید منصور نے 4چوکے اور ایک چھکا لگا کر 34اور عاقب رضوی کے 25رنز میں ایک چوکا شامل تھا۔ذیشان جمیل نے 28رنز اور محمد الیاس نے 43رنز کے عوض 3,3وکٹیں اڑائیں۔ایمپائرز عزیز الرحمن،طاہر رشید ، محمد اصغرجبکہ سید افرسیاب اورناظم الدین آفیشل اسکورر تھے۔

error: Content is protected !!