پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 26 اکتوبر سے شروع ہو گی


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن (پی ٹی بی ایف) کے زیراہتمام اور مدنیہ مال اینڈ ریزڈنسیا کے تعاون سے پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 26 اکتوبر سے لیزر سٹی باؤلنگ کلب جناح پارک، راولپنڈی میں شروع ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن، سنیئر نائب صدر محمد چھٹہ اور اصرار خان چیئرمین، مدنیہ مال اینڈ ریزڈنسیا کے ہمراہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 250 سے زائد مرد اور خواتین باؤلرز حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں سات کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں ماسٹرسنگلز، ڈبلز، ٹیم، ٹرایوز، لیڈیز، انڈر16، ڈیف اورمیڈیا ایونٹ کے مقابلے شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اعجاز الرحمن نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اپنی مدد آپ کے تحت پہلی 12 لائینوں پر مشتمل انٹرنیشنل سطح کا کلب قائم کیا گیا ہے جس پر یہ مقابلے منعقد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ملائیشیا سے آئل مشین کے تجربہ کار کوچ آ رہے ہیں جن کی مدد سے ملکی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو فری تربیت دیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ احسان مانی کی جگہ کسی اور کو ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کریں، احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں اسلئے ان کیلئے وقت دینا مشکل ہے۔ انہوں نے پاکستان آرمی کے جناح پارک میں کلب کیلئے جگہ الاٹ کروانے میں مدد کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

error: Content is protected !!