ہاکی فیڈریشن کی انوکھی منطق،مستعفی کوچ کو سلیکٹر بنا دیا

گزشتہ روز کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے والے فرحت خان کو نیا عہدہ مل گیا اور پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انہیں سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

فرحت خان ایک روز قبل ہی ہاکی ٹیم کے کوچ کے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے تاہم اب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فرحت خان کو ہاکی سلیکشن کمیٹی میں شامل کرلیا ہے جبکہ قاسم خان کو بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پی ایچ ایف کے ایک عہدے دار نے اس بات کی تصدیق کی کہ فرحت خان کی شمولیت کے بعد ہاکی سلیکشن کمیٹی کے ارکان کی تعداد 5 ہوگئی ہے جس کے سربراہ حسن سردار ہیں۔
پی ایچ ایف کے ترجمان نے بتایا کہ فرحت خان اور قاسم خان سلیکشن کمیٹی میں شامل ہوئے ہیں جبکہ ایاز محمود اور مصدق حسین سلیکشن کمیٹی کے ارکان کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ فرحت خان 1992 کے بارسلونا اولمپک میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم کا حصہ تھے اور گزشتہ روز انہوں نے بطور ہیڈ کوچ عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مستعفی ہونے کے 24 گھنٹوں بعد ہی نیا عہدہ ملنے پر یہ سوالات پیدا ہوگئے ہیں کہ کہیں فرحت خان نے پی ایچ ایف سے کسی ڈیل کے تحت تو استعفیٰ نہیں دیا تھا؟

دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف قومی ہاکی ٹیم کے لیے اب کسی غیر ملکی کوچ کی تلاش میں ہے۔

ذرائع کے مطابق جرمن ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ کرسچیئن بلنک عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، انہوں نے 1992 کے اولمپک گیمز میں جرمنی کو گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

error: Content is protected !!