ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں لاہور قلندرز کو چوتھی شکست

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے 17ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پانچ میچز کھیلنے والی لاہور قلندرز کی یہ ایونٹ میں چوتھی شکست ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو کے ناقابل شکست 87 رنز کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمندثابت نہ ہوسکا۔ نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے ہم وطن لیوک رونکی کے ہمراہ 103 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرکےاسلام آباد یونائیٹڈ کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اہم اوپننگ پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب لیوک رونکی 11.1 اوورز میں 31 گیندوں پر 48 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسرا نقصان کپتان شاداب خان کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ شاداب خان 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دوسری طرف کولن منرو نے جارحانہ اندازاپنائے۔ انہوں نے کولن انگرام اور آصف علی کے ہمراہ بالترتیب 46 اور 39 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔

کولن انگرام 29 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ آصف علی 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔کولن منرو 59 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 87 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کے محمد حفیظ، محمد فیضان اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے 16 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 2 وکٹیں گنوادیں۔ کرس لیِن بغیر کوئی رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ 10کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں بین ڈنک اور سلمان بٹ نے 41 رنز جوڑےتاہم دونوں بلے باز ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر پہنچانے میں ناکام رہے۔ بین ڈنک 25 اور سلمان بٹ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم مزید دباؤ کا شکار ہوگئی اور ان کے بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ سمت پٹیل اور محمد فیضان 6،6جبکہ سہیل اختراور پرسنا 8،8رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سلمان ارشاد1 اورعثمان شنواری نے 30 رنز بنائے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ظفر گوہراور رومان رئیس نے3،3،شاداب خان نے 2جبکہ عاکف جاوید اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے شاندار بیٹنگ کرنے پر کولن منرو کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پانچ مارچ بروز جمعرات کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں ایک میچ کھیلا جائے گا۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔

error: Content is protected !!