کرکٹ

اوول ٹیسٹ کا ڈرامائی انجام: بھارت کی سنسنی خیز فتح سے سیریز برابر

اوول ٹیسٹ کا ڈرامائی انجام: بھارت کی سنسنی خیز فتح سے سیریز برابر

اوول میں کھیلا گیا پانچواں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ شائقین کرکٹ کے لیے ایک ناقابل فراموش لمحہ قرار پایا، جب بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو محض 6 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

ٹیسٹ میچ کے آخری روز، جہاں انگلینڈ کو فتح کے لیے صرف 35 رنز درکار تھے اور بھارت کو صرف 4 وکٹوں کی ضرورت تھی، وہ لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال نے دیکھنے والوں کو اپنی نشستوں سے اٹھنے نہ دیا۔ دن کا آغاز انگلینڈ کی امیدوں سے ہوا، لیکن جلد ہی بھارتی بولرز نے مقابلے کی سمت موڑ دی۔

محمد سراج نے اپنی تباہ کن بولنگ سے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو ہلا کر رکھ دیا۔ انہوں نے صرف آخری دن 3 اہم وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ دوسری جانب پراسدھ کرشنا نے ایک وکٹ حاصل کی اور دونوں کی مشترکہ کاوش سے انگلینڈ کی ٹیم 367 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، اور وہ فتح سے محض 6 رنز دور رہ گئی۔

اوول میں کھیلے گئے اس میچ کا آغاز انگلینڈ کے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے سے ہوا۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 224 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ نے جواب میں 247 رنز اسکور کر کے 23 رنز کی سبقت حاصل کر لی۔ میچ کا پلٹاؤ اس وقت آیا جب بھارت نے دوسری اننگز میں زبردست واپسی کرتے ہوئے 396 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال کی 118 رنز کی شاندار اننگز نے اس کامیابی کی بنیاد رکھی۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور ہیری بروک نے ہدف کے تعاقب میں مزاحمت کی اور بالترتیب 105 اور 111 رنز کی یادگار اننگز کھیلیں، لیکن دیگر بیٹرز ٹیم کو فتح کی دہلیز تک نہ پہنچا سکے۔

بھارت کی بولنگ لائن اپ نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ سراج نے مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پراسدھ کرشنا 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔ ایک وکٹ اکاش دیپ کے حصے میں آئی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!