
پاکستان ٹیم ایشیاء کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، سابق کپتان سرفراز احمد
کراچی: سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہےکہ گزشتہ 3 سے 4 سالوں کے دوران پاکستان کی ایک نئی ٹیم اُبھر کے سامنے آئی ہے، حسن نواز، حسین طلعت، صائم ایوب سمیت نوجوان کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنے۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ اور ٹرائی نیشن سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی ٹیم ایشیائی ایونٹ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کا شاندار ریکارڈ رہا ہے، جس کا فائدہ آنے والے دونوں ایونٹس میں ملے گا۔یہ بات انہوں نے کراچی میں منعقدہ نجی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
فخر زمان کی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والا بیٹر، پاکستان ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، وہ میچ ونر اور حالیہ کچھ عرصے سے بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے۔
اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی سلیکشن پر سوالات اُٹھا دیئے، انہوں نے کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز کیلئے یہ ٹیم موزوں ہے تاہم ایشیا کپ اور روایتی حریف بھارت کیخلاف میچ کو مدِنظر رکھتے ہوئے سوچ سمجھ کر ٹیم بنانی چاہیے تھی۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ حالیہ باہمی سیریز کے دوران پاکستان ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی، نوجوان کھلاڑی اہم مواقعوں پر پریشر کا شکار نظر آئے۔
کامران اکمل نے سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو ڈراپ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ دونوں بیٹرز کا ایشائی ایونٹ کیلئے ٹیم میں موجود ہونا ضروری ہے، ایک دو میچز کی بنیاد پر آپ سینئر پلیئرز کو اہم ایونٹ سے باہر نہیں کر سکتے۔



