
پاک جنوبی افریقا ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ اتوار سے لاہور میں شروع ۔

لاہور 11 اکتوبر۔ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کررہی ہے جو اسوقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بھی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اتوار سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹیسٹ میچ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلیں گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کررہے ہیں جبکہ ٹیمبا باووما کے ان فٹ ہونے کے سبب مہمان ٹیم کی قیادت ایڈین مارکرم کررہے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا کے رنجن مدوگالے آئی سی سی میچ ریفری ہونگے جبکہ پہلے ٹیسٹ میں آن فیلڈ امپائر آسٹریلیا کے راڈنی ٹکر اور نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر براؤن ہونگے۔
بنگلہ دیش کےسیکت شرف الدولہ تھرڈ امپائر اور پاکستان کے فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ دونوں ٹیسٹ میں جنرل ۔فرسٹ کلاس ۔پریمیئم اور وی آئی پی کے انکلوژرز میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان30 ٹیسٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے6 اور جنوبی افریقہ نے17 جیتے ہیں 7 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔
پاکستان کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے9 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان نے3 اور جنوبی افریقہ نے2 جیتے ہیں 4 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔
دونوں کے درمیان پاکستان میں آخری ٹیسٹ سیریز 2021 میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے دو صفر سے جیتی تھی۔
شان مسعود : اس موقع پر قومی کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساؤتھ افریقہ ایک چیمپئن ہے، ہمارے لیے بہتر رہے گا کہ ہم ٹیسٹ سرکل کا آغاز چیمپئن کے خلاف سے کر رہے ہیں، ساؤتھ افریقہ کے خلاف اچھا رزلٹ دیں گے جو ہمیں آئندہ فائدہ دے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف 20 وکٹیں لیں گے، دو سال کی چیزیں ایک دن میں نہیں کر سکتے، ہماری کوشش ہو گی کہ سبق حاصل کریں اور بہتر رزلٹ دیں، کرکٹ میچ جیتنے کے لیے بڑے طریقے ہوتے ہیں، کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے ہمیں میچ جیتنا ہے۔
شان مسعود نے کہا ہے کہ ہم چاہ رہے ہیں کہ ہر کھلاڑی تیار رہے اس لیے ڈومیسٹک کھیلنے کی اجازت دی، ساجد خان ہمارے مین سپنر ہیں، بد قسمتی سے ان کو فلو ہوا تھا، وقت کے ساتھ فیصلہ کریں گے لیکن وہ بیمار ہوئے تھے
رنز کنڈیشن کے حساب سے ہوتے ہیں، سو کرنا ضروری نہیں لیکن کنٹری بیوشن ضروری ہوتا ہے چاہے وہ 60، 70 ہی کیوں نہ ہو۔
ایڈن مارکرم : اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے تیاری اچھی ہے، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، بابر اعظم کی وکٹ اہم ہوتی ہے، ان کو آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے پرجوش ہیں، اپنے کپتان ٹیمبا باووما کی کمی محسوس کریں گے، سپن پچز پر ساجد اور نعمان ہمارے لیے چیلنج ہوں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے خلاف اچھا پرفارم کریں۔
جنوبی افریقی کپتان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہوم کنڈیشن میں کھیل رہا ہے، پاکستان کے ہوم کنڈیشن کی وجہ سے ہمیں مشکل ہو سکتی ہے، کیشف مہاراج دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔
پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ; شان مسعود ( کپتان ) عبداللہ شفیق۔ ابرار احمد۔ آصف آفریدی۔ بابراعظم۔ حسن علی۔ امام الحق۔ کامران غلام۔ خرم شہزاد۔ محمد رضوان۔ نعمان علی۔ روحیل نذیر۔ ساجد خان۔ سلمان علی آغا۔ سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی۔



