
اسپتال میں داخل بھارتی کرکٹر شریاس ایئرروبہ صحت: اسپتال سے مداحوں کےلئے پیغام
بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شریاس ائیر نے انجری کے بعد پہلا باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق خوشخبری دی ہے۔
یاد رہے کہ شریاس ائیر 25 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں تیسرے ون ڈے میچ کے دوران ایک شاندار کیچ پکڑنے کی کوشش میں گر پڑے تھے، جس کے نتیجے میں ان کی پسلیوں میں شدید چوٹ لگی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹروں کے مطابق شریاس ائیر کی چوٹ اتنی سنگین تھی کہ اندرونی بلیڈنگ کی وجہ سے انہیں کچھ وقت کے لیے آئی سی یو (انتہائی نگہداشت وارڈ) میں رکھا گیا۔ اس واقعے کے بعد بھارتی کرکٹ شائقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، تاہم اب کرکٹر نے خود اپنی صحت کے حوالے سے تسلی بخش خبر دی ہے۔
29 سالہ شریاس ائیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اب بتدریج صحت یاب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا، “میں صحتیابی کے مرحلے میں ہوں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ آپ سب کی دعاؤں، نیک تمناؤں اور پیار کا بے حد شکر گزار ہوں۔ یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے کہ آپ سب نے مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھا۔”
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی تصدیق کی ہے کہ شریاس ائیر کی حالت اب بہتر ہے۔ بورڈ کے مطابق منگل کے روز کیے گئے تازہ اسکین میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور شریاس تیزی سے صحتیابی کی راہ پر گامزن ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر ان کی بحالی کا عمل اسی طرح جاری رہا تو چند ہفتوں میں وہ دوبارہ کرکٹ میدان میں واپس آ سکتے ہیں۔ تاہم، مکمل فٹنس حاصل کرنے کے بعد ہی ان کی اگلے سیریز میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔



