
علما یونیورسٹی غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی:ڈاکٹر فہد لاسی
پہلی علما بوائز بیڈ منٹن چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے سربراہ کیواے ایل کا خطاب،
ایونٹ ٹیم ”او جی بوائز“ کے نام
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) غیر نصابی سرگرمیاں بھی طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں،علما یونیورسٹی کھیلوں کے لئے طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی،
ان خیالات کا اظہارعلما یونیورسٹی کے کیواے ایل ڈپارٹمنٹ کے سربرا ہ ڈاکٹر فہد لاسی نے پہلی علما بوائز بیڈ منٹن چیمپئن شپ 2025کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائرکٹر اسپورٹس علما یونیورسٹی راعون فرید،ہیڈ آف اگزامینیشن امجد حسین،منیجر اسپورٹس اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فہد لاسی کا کہنا تھا کہ علما یونیورسٹی نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے
یہی وجہ ہے کہ علمایونیورسٹی کے طلبا اب باقاعدگی کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اسپورٹس ایونٹس میں شرکت کر رہے ہیں۔
ڈائرکٹر اسپورٹس راعون فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ علما یونیورسٹی ایچ ای سی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی بھر پور شرکت کرے گی جبکہ یونیورسٹی میں بھی اسپورٹس ایونٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔
قبل ازیں کھیلے گئے فائنل میں ٹیم ”او جی بوائز“ نے ٹیم ”ڈریگنز“ کو فائنل میں دل چسپ مقابلے کے بعد 2-0سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔سمیع جمیل اور محمد مزمل پر مشتمل ٹیم ”او جی بوائز“ کی شہر یار اور عامر خان پر مشتمل ٹیم ”ڈریگنز“کے خلاف کامیابی کا اسکور21-12اور21-13رہا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں ٹیم ”سنگلز“ نے ٹیم ”ایگلز“ کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیمپئن شپ میں 16ٹیموں نے شرکت کی تھی۔



