
بگ بیش لیگ: سست ترین بیٹرز کی فہرست میں محمد رضوان اور بابراعظم سرفہرست
ویب ڈیسک: بگ بیش لیگ کے رواں سیزن میں سست ترین بیٹنگ کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست سامنے آ گئی ہے، جس میں پاکستان کے محمد رضوان اور بابراعظم نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں پاکستانی بیٹرز سے ان کی ٹیموں کو جارحانہ بیٹنگ کی بڑی توقعات تھیں، تاہم وہ ہارڈ ہٹنگ کے بجائے محتاط اور روایتی انداز میں بیٹنگ کرتے نظر آئے۔
اعداد و شمار کے مطابق محمد رضوان سٹرائیک ریٹ کے اعتبار سے رواں سیزن کے سب سے سست بیٹر ثابت ہوئے۔ انہوں نے 10 اننگز میں 102.74 کے سٹرائیک ریٹ سے 187 رنز بنائے، ان کی اوسط 18.7 رہی جبکہ وہ ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکے۔
دوسرے نمبر پر بابراعظم موجود ہیں، جن کا سٹرائیک ریٹ 107.48 رہا۔ بابراعظم نے اب تک 9 میچز میں 28.71 کی اوسط سے 201 رنز بنائے، جن میں 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
فہرست میں تیسرے نمبر پر کونسٹاس 110.21 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ موجود ہیں، جبکہ ٹام روجرز 127.50 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ اس فہرست میں شامل دیگر بیٹرز میں شامل ہیں۔
یہ اعداد و شمار بگ بیش لیگ میں پاکستانی بیٹرز کی کارکردگی پر سوالات بھی اٹھا رہے ہیں، خاص طور پر مختصر فارمیٹ میں اسٹرائیک ریٹ کی اہمیت کے تناظر میں۔



