
کراچی میں ہاکی کی بحالی کا جامع پلان ،
صدر پی ایچ ایف طارق حسین بگٹی کی اہم ملاقاتیں،
کراچی ہاکی اسٹیڈیم سے متعلق بڑے اقدام کا اشارہ
کراچی : پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق حسین بگٹی نے کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ہاکی شخصیات سے اہم ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران ان کی کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اظہارالحسن سے خصوصی ملاقات بھی ہوئی، جس میں شہر میں ہاکی کی ترقی اور آئندہ منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر کراچی کے موجودہ اور سابق ہاکی کھلاڑیوں نے بھی صدر پی ایچ ایف سے ملاقات کی۔ کھلاڑیوں اور عہدیداران کی جانب سے طارق حسین بگٹی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں کیک پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا۔
ذرائع کے مطابق طارق حسین بگٹی کے دورۂ کراچی کا ایک اہم مقصد کراچی ہاکی اسٹیڈیم کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تحویل میں لینے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینا بھی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کی طرح سندھ میں بھی ہاکی کو دوبارہ عروج پر لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور اس ضمن میں جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عید کے فوراً بعد نیشنل ویمن ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔
چیمپئن شپ کے لیے سندھ اور پنجاب دو ممکنہ وینیوز ہیں، تاہم قوی امکان ہے کہ ایونٹ کراچی میں منعقد کرایا جائے گا۔ اس حوالے سے سمری اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔



