
ملتان سلطانز کا لاہور میں فاتحانہ اختتام، راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے دھول چٹا دی
لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 11 کے 14ویں میچ میں ٹیبل ٹاپرز ملتان سلطانز نے آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سلطانز نے لاہور لیگ کا اختتام ایک یادگار جیت کے ساتھ کیا، اب ایونٹ کا اگلا مرحلہ کراچی میں شروع ہوگا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنا سکی۔ نوجوان لیفٹ آرم اسپنر فیصل اکرم نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں اور پنڈیز کے بڑے اسکور کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔
راولپنڈیز کا آغاز مایوس کن رہا جہاں یاسر خان جلدی پویلین لوٹ گئے اور کپتان محمد رضوان بھی صرف 19 رنز بنا سکے۔ سیم بلنگز نے 34 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا
جبکہ ڈیان فورسٹر نے آخری لمحات میں 11 گیندوں پر 24 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ملتان کی جانب سے عرفات منہاس نے 2 جبکہ پیٹر سڈل اور محمد اسماعیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اسٹیو اسمتھ محض 12 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر کا شکار بن گئے۔
تاہم اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور جوش فلپ نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف اسٹروکس کھیل کر پنڈیز کے باؤلرز کو بے بس کر دیا۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی دھواں دھار شراکت قائم ہوئی۔
جوش فلپ نے 30 گیندوں پر 56 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
دونوں سیٹ بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود (27 رنز ناٹ آؤٹ) اور کپتان ایشٹن ٹرنر (26 رنز ناٹ آؤٹ) نے مزید کسی نقصان کے بغیر ہدف 16.2 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔
ملتان سلطانز نے یہ میچ 22 گیندیں قبل جیت کر ٹورنامنٹ میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کر لیا۔ راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کیں لیکن دیگر باؤلرز کی جانب سے خاطر خواہ مدد نہ مل سکی۔ پی ایس ایل کا میلہ اب کراچی منتقل ہو رہا ہے جہاں بدھ کو پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔



