
انٹر کلب ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ 14 اپریل سے شروع ہوگی،کاشف فرحان
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) ریجنل سپورٹس آفس پشاور کے زیراہتمام پشاور ڈسٹرکٹ انٹر کلب ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ 14 اپریل سے پشاور سپورٹس کمپلیکس کے جیم ہال میں شروع ہوگی۔
تین روزہ اس ایونٹ میں پشاور کے 6 مختلف کلبز شرکت کریں گے جبکہ مقابلے 6 ویٹ کیٹگریز میں منعقد ہوں گے، جن میں 55، 65، 73، 81، 89 اور پلس 89 کلوگرام شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔
ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان کے مطابق یہ ایونٹ ضلعی انتظامیہ پشاور کی منظوری اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کی ہدایات کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی سپورٹس پالیسی کے مطابق گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے فروغ کے لیے انٹرکلب مقابلوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری ہے، اور ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے ضلعی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ اس نوعیت کے ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں بلکہ مقامی سطح پر ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



