پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم کے لیے فنڈز جاری
پی ایچ ایف نے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اہم سنگ میل قرار دے دیا

پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم کے لیے فنڈز جاری
دورے کے تفصیلی شیڈول اور میچوں کی تفصیلات کا اعلان جلد کردیا جائے گا، پی ایچ ایف
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے قومی سینئر ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم (پرو لیگ) کے لیے درکار تمام فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے قومی کھیل کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔
پی ایچ ایف نے حکومت کے غیر متزلزل تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے، جو ملک کے اندر اور عالمی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے ان کے پختہ عزم کی عکاسی ہے۔
مزکورہ فنڈز کی فراہمی سے قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا، جو کھیل کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
پی ایچ ایف کی جانب سے حکومت کو یقین دلایا گیا ہے کہ ان وسائل کا شفاف اور مؤثر استعمال کیا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کا وقار بلند کیا جا سکے۔
ہمارے ہیروز قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ جبکہ دورے کے تفصیلی شیڈول اور میچوں کی تفصیلات کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
ہم حکومت کے اس اعتماد پر ان کے مشکور ہیں اور ان وسائل کو پاکستان ہاکی کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کے لیے بروئے کار لائیں گے۔



