
ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف لیجنڈ ریسلر نے ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا
ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ ریسلر بروک لیسنر کے بارے میں اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ انہوں نے ریسلنگ کی دنیا سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے، جس کے بعد ان کا تقریباً تین دہائیوں پر محیط شاندار کیرئیر اختتام کے قریب پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریسل مینیا 42 میں ان کا میچ اُوبہ فیمی (Oba Femi) کے خلاف تھا، جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے بعد بروک لیسنر نے روایتی انداز میں اپنے ریسلنگ گیئرز رنگ میں چھوڑ دیے، جو عام طور پر ریسلنگ میں ریٹائرمنٹ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
میچ کے اختتام پر انہوں نے اپنے دیرینہ منیجر پال ہیمن کو گلے لگایا جبکہ شائقین نے “Thank you Brock” کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر لیسنر نے رنگ کو بوسہ بھی دیا، جس نے ان کے الوداعی فیصلے کے تاثر کو مزید مضبوط کر دیا۔
بروک لیسنر 2002 سے ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ رہے ہیں اور اپنے کیریئر میں متعدد بڑی کامیابیاں حاصل کیں،
جن میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ، تین بار یونیورسل چیمپئن شپ اور دو رائل رمبل فتوحات شامل ہیں۔ انہوں نے 2014 میں ریسل مینیا میں انڈر ٹیکر کے ناقابل شکست ریکارڈ کو بھی ختم کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جان سینا اور اے جے اسٹائلز بھی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، جس کے بعد اب ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک اور بڑے دور کا اختتام سمجھا جا رہا ہے۔



