
پاکستانی ریسلر انعام بٹ پر پابندی لگنے کا خدشہ۔ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا
بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی ریسلر انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا۔ اپریل میں چین میں منعقدہ ایشین بیچ گیمز کے دوران انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ ہوا تھا۔
ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ریسلر کے موقف سے واڈا کے مطمئن نہ ہونے کی صورت میں پابندی لگ سکتی ہے۔
دوبارکے گولڈ میڈلسٹ ریسلر کے قریبی ذرائع کا موقف ہے کہ گیمز سے پہلے انعام بٹ نے آنکھوں کے علاج کے لیے ادویات لی تھیں تاہم ان ادویات کا قوت بڑھانے کے معاملے سےکوئی تعلق نہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات کی فہرست، میڈیکل اسکینز اور ڈاکٹری نسخے کے بارے میں انعام بٹ نے واڈا کو آگاہ کیا۔
واڈا نے ایک سال تک ادویات کے استعمال کی اجازت بھی دے رکھی ہے۔ڈوپنگ معاملات پر وضاحت کے لیے انعام بٹ اور ورلڈ اینٹی ڈوپنگ حکام کےدرمیان بات چیت جاری ہے۔



