
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل میوزک پروجیکٹ میں نورا فتحی کا نیا گانا ’سیئر سیئر‘ ریلیز
ویب ڈیسک: مراکشی نژاد بالی ووڈ اداکارہ، ڈانسر اور گلوکارہ نورا فتحی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل میوزک پروجیکٹ کے لیے تیار کیا گیا اپنا نیا گانا ’ سیئر سیئر‘ (Siyer Siyer) ریلیز کر دیا ہے۔
یہ گانا فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل البم کا حصہ ہے، جس میں دنیا کے مختلف ممالک اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا ہے تاکہ فٹبال کے عالمی میلے کی روح کو موسیقی کے ذریعے اجاگر کیا جا سکے۔
نورا فتحی نے یہ گانا معروف میوزک پروڈیوسر سنجوئے اور فرانسیسی گلوکار ویجیڈریم کے اشتراک سے ریکارڈ کیا ہے۔ گانے میں مختلف ثقافتوں اور موسیقی کے رنگوں کا حسین امتزاج پیش کیا گیا ہے۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آ رہی تھیں کہ نورا فتحی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی، تاہم فی الحال ان کی جانب سے صرف آفیشل میوزک پروجیکٹ کا حصہ بننے کی تصدیق ہوئی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب 12 جون 2026 کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں واقع BMO فیلڈ میں منعقد ہوگی، جہاں دنیا بھر کے شائقین کی نظریں اس رنگا رنگ تقریب پر مرکوز ہوں گی۔
یاد رہے کہ نورا فتحی اس سے قبل بھی فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران قطر میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریبات اور میوزیکل سرگرمیوں کا حصہ رہ چکی ہیں، جہاں ان کی پرفارمنس کو عالمی سطح پر خوب پذیرائی ملی تھی۔
اپنے نئے گانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نورا فتحی نے کہا کہ ’ سیئر سیئر‘ ان کے دل کے بہت قریب ہے، کیونکہ اس کی تخلیق مختلف ثقافتوں اور شناختوں کے امتزاج کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’میں ایسا گانا بنانا چاہتی تھی جو میری شخصیت اور پس منظر کی مکمل عکاسی کرے۔ میرا تعلق مراکش سے ہے، میری پیدائش اور پرورش کینیڈا میں ہوئی، جبکہ بھارت میں کام کرنے کے باعث بھارتی ثقافت نے بھی میری زندگی اور فن پر گہرا اثر ڈالا ہے۔‘‘
نورا کے مطابق یہی ثقافتی تنوع اس گانے کی اصل روح ہے، جو دنیا بھر کے سامعین کو ایک مشترکہ دھن میں جوڑنے کی کوشش کرتا ہے۔



