پشاور : ورلڈ ایتھلیٹکس لیول ون کوچنگ کورس اختتام پذیر
سیکرٹری سپورٹس محمد آصف نے مردوخواتین کوچز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے

ورلڈ ایتھلیٹکس لیول ون کوچنگ کورس اختتام پذیر
پشاور : ورلڈ ایتھلیٹکس کوچز ایجوکیشن اینڈ سرٹیفکیشن لیول ون کوچنگ کورس پشاور میں اختتام پذیر ہوگیا۔ تیرہ روزہ کورس میں خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف صوبوں سے 30 سے زائد مرد و خواتین کوچز نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس محمد آصف نے کوچز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر ظہیر اسلام، ڈی جی سپورٹس اشفاق خان، ڈائریکٹر فیمیل نازیہ ذکی، اے ڈی سپورٹس اشفاق احمد، چیف کوچ شفقت اللہ، ڈائریکٹر جعفر شاہ، ایڈمنسٹریٹر عابد ناظم، زعفران آفریدی، یوسف آفریدی اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس محمد آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیت اور درست رہنمائی فراہم کرنے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ملکی معیشت اور عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر ظہیر اسلام نے کہا کہ پشاور میں ورلڈ ایتھلیٹکس لیول ون کوچنگ کورس کا انعقاد صوبے میں ایتھلیٹکس کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
جدید تربیت سے کوچز کی فنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور وہ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق تربیت دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی کوچز کی تربیت، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور ایتھلیٹکس کے فروغ کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔
ڈی جی سپورٹس اشفاق خان نے کہا کہ کسی بھی کھیل میں کوچز کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، کوچز اور ٹرینرز ہیرے تراشنے والے ماہرین کی مانند ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا مستقبل میں بھی کوچز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید تربیتی کورسز اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔



