
پاکستان پہلی بار فیفا آسیان کپ میں، 14 ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ میں شامل
پاکستان پہلی بار افتتاحی فیفا آسیان کپ 2026 میں شرکت کرے گا 14 قومی ٹیموں پر مشتمل یہ نیا فٹبال ٹورنامنٹ 24 ستمبر سے شروع ہوگا اور 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
ٹورنامنٹ کے مقابلے انڈونیشیا کے شہروں بانڈونگ اور جکارتہ کے علاوہ ہانگ کانگ میں کھیلے جائیں گے۔ آسیان کے تمام 11 رکن ممالک کے ساتھ پاکستان سمیت 3 مہمان ٹیمیں بھی ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔
پاکستان کو ڈویژن ون میں شامل کیا گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام سے ہوگا۔ ڈویژن ٹو میں میزبان ہانگ کانگ کے علاوہ برونائی دارالسلام، کمبوڈیا، لاؤس، میانمار اور تیمور لیستے شامل ہیں۔
دونوں ڈویژنز کو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر ٹیم گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک ایک میچ کھیلے گی۔
گروپ کی فاتح ٹیمیں افتتاحی فیفا آسیان کپ کے ٹائٹل کے لیے فائنل میں مدمقابل ہوں گی، جبکہ انڈونیشیا میں ڈویژن ون کی رنر اپ ٹیمیں تیسری پوزیشن کے لیے بھی مقابلہ کریں گی۔
فیفا کے مطابق نئے ٹورنامنٹ کا مقصد قومی ٹیموں کو زیادہ مسابقتی مواقع فراہم کرنا، خطے میں فٹبال کو فروغ دینا اور شریک ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔



