فٹ بال

فیفا ورلڈ کپ 2026: کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ، میچ 1-1 سے ڈرا

فیفا ورلڈ کپ 2026: کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ، میچ 1-1 سے ڈرا

ٹورنٹو: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے روز کھیلے گئے پہلے مقابلے میں میزبان کینیڈا نے آخری لمحات میں گول کرکے بوسنیا کے خلاف ممکنہ شکست کو ٹال دیا، یوں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ معرکہ 1-1 سے برابر رہا۔

ٹورنٹو میں موجود شائقین کو ابتدا ہی سے تیز رفتار اور جارحانہ فٹبال دیکھنے کو ملی۔ میزبان کینیڈا نے حملوں کا سلسلہ شروع کیا اور حریف دفاع پر دباؤ بڑھائے رکھا، تاہم کھیل کے ابتدائی حصے میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب بوسنیا کی ٹیم رہی۔

میچ کے 21ویں منٹ میں بوسنیا کے کھلاڑی جووو لوکچ نے شاندار موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔

اس گول کے بعد کینیڈا نے واپسی کی کوششیں تیز کر دیں، تاہم بوسنیا کے دفاع نے مضبوط مزاحمت کی اور پہلا ہاف مہمان ٹیم کی ایک گول کی سبقت کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

وقفے کے بعد میزبان ٹیم نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اتری اور مسلسل حملوں کے ذریعے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کرتی رہی۔ کینیڈین کھلاڑیوں کو کئی مواقع میسر آئے لیکن کبھی دفاع آڑے آیا تو کبھی قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا، جس کے باعث برابری کا گول تاخیر کا شکار رہا۔

کھیل کے 79ویں منٹ میں بالآخر کینیڈا کی انتھک محنت رنگ لے آئی۔ گائل نے ایک مؤثر ضرب کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کو جشن منانے کا موقع فراہم کیا اور اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔

برابری کے گول کے بعد دونوں ٹیموں نے فتح سمیٹنے کے لیے بھرپور کوشش کی اور ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے بھی کیے، تاہم مقررہ وقت کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ یوں سنسنی خیز مقابلہ 1-1 کی برابری پر ختم ہوا اور دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ اپنے نام کر لیا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!