اتھلیٹکسدیگر سپورٹس

خیبرپختونخوا کا سپوت عطاء اللہ ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

خیبرپختونخوا کا سپوت عطاء اللہ ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

کوچ عابد آفریدی بھی امریکہ میں ہونے والے عالمی ایونٹ میں شریک ہوں گے،

خبر پھیلتے ہی کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا کے لیے ایک اور بڑا اعزاز سامنے آ گیا ہے۔ صوبے کے نوجوان، باصلاحیت اور برق رفتار سپرنٹر عطاء اللہ کی امریکہ کے شہر اوریگون میں منعقد ہونے والی ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے،

جبکہ ان کے کوچ عابد آفریدی بھی اس عالمی ایونٹ میں پاکستان کے وفد کا حصہ ہوں گے۔ اس خبر کے منظر عام پر آتے ہی کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور یہ خوشخبری جنگل کی آگ کی طرح پورے خیبرپختونخوا اور ملک بھر میں پھیل گئی۔

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت ساہی کے مطابق عطاء اللہ اور ان کے کوچ عابد آفریدی کی عالمی چیمپئن شپ میں شرکت نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان اور جنوبی ایشیا کی ایتھلیٹکس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر رسائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف مناسب مواقع اور سرپرستی کی ہے۔

عطاء اللہ نے مختصر عرصے میں اپنی شاندار کارکردگی، غیر معمولی رفتار اور انتھک محنت کے ذریعے قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

انہوں نے متعدد قومی مقابلوں میں عمدہ نتائج دے کر خود کو ملک کے بہترین ابھرتے ہوئے سپرنٹرز میں شامل کر لیا ہے۔ اب ان کے پاس دنیا کے بہترین نوجوان ایتھلیٹس کے درمیان پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کرنے کا سنہری موقع موجود ہے۔

اس کامیابی کے پس منظر میں ان کے کوچ عابد آفریدی کی مسلسل محنت، فنی مہارت اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے غیر معمولی خدمات بھی شامل ہیں۔

عابد آفریدی نے نہ صرف عطاء اللہ کی صلاحیتوں کو نکھارا بلکہ انہیں عالمی معیار کے مقابلوں کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عطاء اللہ کی کامیابی دراصل ایک باصلاحیت کوچ اور محنتی شاگرد کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

عطاء اللہ اور عابد آفریدی کی عالمی چیمپئن شپ کے لیے سلیکشن کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔ قومی اور صوبائی سطح کے کھلاڑیوں، کوچز،

کھیلوں کے منتظمین اور شائقین نے اس کامیابی کو خیبرپختونخوا کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ متعدد سپورٹس شخصیات نے اس سلیکشن کو میرٹ کی فتح اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیا۔

کوچ عابد آفریدی نے اس موقع پر ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس کے صدر جنرل اکرم ساہی، وزیر کھیل خیبرپختونخواتاج محمد ترند، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر،

صدر خیبرپختونخوا ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن ظہیر الاسلام اور سیف الاسلام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر سلیکشن اور ادارہ جاتی تعاون نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ بھرپور تیاری کے ساتھ عالمی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے اور پاکستان کے لیے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اگر نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات، معیاری کوچنگ اور مسلسل سرپرستی فراہم کی جائے تو وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

عطاء اللہ کی سلیکشن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ محنت، لگن اور درست رہنمائی کے ذریعے عالمی سطح تک رسائی ممکن ہے۔

ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں عطاء اللہ کی شرکت صوبے کے ہزاروں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال بن چکی ہے۔

کھیلوں کے حلقے پُرامید ہیں کہ عطاء اللہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان اور خیبرپختونخوا کا نام روشن کریں گے، جبکہ ان کے کوچ عابد آفریدی کی موجودگی ان کے اعتماد اور کارکردگی میں مزید اضافہ کرے گی۔

عطاء اللہ اور عابد آفریدی کی یہ کامیابی اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین بے شمار باصلاحیت کھلاڑیوں سے مالا مال ہے۔ مناسب سرپرستی اور میرٹ کے فروغ سے یہی نوجوان مستقبل میں پاکستان کے لیے عالمی اعزازات جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!