
قومی کرکٹرز کیلئے طویل دورانیے کے کیمپس میں ’پیڈل ٹینس‘ کھیلنا لازمی قرار دے دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر عاقب جاوید نے طویل تربیتی کیمپوں کے دوران قومی کرکٹرز کے لیے ’پیڈل ٹینس‘ کھیلنا لازمی قرار دے دیا ہے، جس کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ہی جدید ترین کورٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بتایا کہ طویل تربیتی کیمپوں کے دوران کھلاڑیوں کو بوریت سے بچانے اور ان کی فٹنس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اب طویل کیمپوں میں ہر دوسرے دن کھلاڑیوں کے لیے کم از کم 40 منٹ ’پیڈل ٹینس‘ کھیلنا لازمی ہوگا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ’پیڈل ٹینس‘ کے دوران جسمانی حرکات براہِ راست فیلڈنگ کی ضرورتوں سے ملتی جلتی ہیں، جس سے کھلاڑیوں کی فٹنس اور گراؤنڈ فیلڈنگ دونوں میں زبردست بہتری آئے گی‘۔
سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر نے مزید بتایا کہ اس سے قبل کھلاڑیوں کو پیڈل ٹینس کھیلنے کے لیے اکیڈمی سے باہر جانا پڑتا تھا، لیکن اب این سی اے کے اندر ہی یہ عالمی معیار کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے تاکہ کھلاڑیوں کا وقت اور توانائی دونوں بچ سکیں۔
پی سی بی کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو اکیڈمی کے اندر ہی ایسا پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ ذہنی اور جسمانی طور پر خود کو تازہ دم رکھ سکیں۔
عاقب جاوید نے انکشاف کیا کہ پی سی بی اپنے طویل مدتی پروگرام کے تحت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھیلوں اور تفریح کی دیگر سہولیات کو مزید وسعت دے رہا ہے۔



