کرکٹ

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی پہلی جنرل باڈی میٹنگ 30 جولائی کو طلب ،

اہم آئینی عہدوں کے انتخابات ہوں گے

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی پہلی جنرل باڈی میٹنگ 30 جولائی کو طلب

اہم آئینی عہدوں کے انتخابات ہوں گے

لاہور : (عابد حسین) صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی پہلی جنرل باڈی کا اجلاس 30 جولائی 2026ء بروز جمعرات، شام 4:00 بجے طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں لاہور ریجن کی پانچوں زونل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے نومنتخب صدور، سیکرٹریز اور خزانچی بطور جنرل باڈی اراکین شرکت کریں گے۔

یہ اجلاس لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے تنظیمی و انتظامی امور کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں آئین و قواعد کے مطابق سینئر وائس پریزیڈنٹ، وائس پریزیڈنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری،

جوائنٹ سیکرٹری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ ان عہدوں پر تقرری لاہور ریجن کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط، فعال اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اجلاس کے دوران لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن اور پانچوں زونل کرکٹ ایسوسی ایشنز سے متعلق مختلف انتظامی، تنظیمی اور ترقیاتی امور پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔

اس موقع پر کرکٹ کے فروغ، آئندہ کے لائحہ عمل، تنظیمی اصلاحات اور علاقائی سطح پر کرکٹ کی بہتری کے لیے اہم تجاویز اور فیصلے بھی زیرِ غور آئیں گے۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ اجلاس میں زیرِ بحث آنے والے تمام نکات پر مشتمل میٹنگ ایجنڈا جنرل باڈی کے تمام اراکین کو باقاعدہ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ اجلاس میں شرکت کر سکیں۔

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی نئی منتخب قیادت کے تحت منعقد ہونے والا یہ پہلا جنرل باڈی اجلاس ادارے کی آئندہ سمت کے تعین، شفاف اور مؤثر طرزِ حکمرانی کے فروغ، تنظیمی استحکام اور ڈومیسٹک کرکٹ کی ترقی کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے نہ صرف لاہور ریجن کرکٹ کے انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے بلکہ کرکٹرز، کلبز اور کرکٹ سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے بھی مثبت اور دیرپا نتائج کا باعث ثابت ہوں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!