پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیدی
میچ کے اختتام پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے انعامات تقسیم کیے۔

پاکستان نے کوریا کو تیسرے میچ میں شکست دیکر ہاکی ٹیسٹ سیریز جیت لی
اسلام آباد ; پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری پاکستان-کوریا ٹیسٹ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے عمدہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 3-4 سے شکست دے دی۔
میچ کے مہمانِ خصوصی وفاقی محتسب اعلی نوید کامران بلوچ تھے، جنہوں نے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا۔
میچ کے اختتام پر منعقدہ پروقار تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی اولمپین حسن سردار اور چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان، ڈی جی پی ایس بی سپورٹس بورڈ یاور حسین بھی موجود تھے۔
پاکستان اور کوریا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو 3-4 سے شکست دے دی۔ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
میچ کے آغاز میں کوریا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہاف کے اختتام پر 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ تاہم، کھیل کے دوسرے ہاف میں پاکستان کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے متواتر گول اسکور کیے اور میچ 3-4 سے اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے حیات زکریا نے 32 ویں منٹ میں فیلڈ گول، رانا وحید اشرف نے 45 ویں منٹ (فیلڈ گول ، عبدالرحمٰن نے 55 ویں منٹ میں فیلڈ گول، شاہد حنان 57 ویں منٹ فیلڈ گول سکور کیا۔
کوریا کی جانب سے کم ہیونگ جن نے 10 ویں منٹ (پینلٹی کارنر، یانگ جی ہون 33 ویں منٹ پینلٹی کارنر، کم یونگ بوک 50 ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کیا۔
اج کے میچ کو فہد علی خان اور ہارون رشید نے سپروائز کیا ۔ جبکہ ریزرو ایمپائر محمد ساجد رضا تھے۔ویڈیو ایمپائر ہارون اسد عباس تھے ۔اسکورنگ جج عدنان شہزاد ،ٹائمنگ جج محبوب جاوید، ٹیکنیکل آفیشل محمد وقاص خان تھے۔
ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ محمد شفیق, ایمپائر منیجر فیض محمد فیضی، میڈیا کو آرڈینیٹر محمد وقاص شیخ، پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر عبدالناصر اخونزادہ،چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن نجیب خٹک کے علاوہ دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔



