
آل خیبرپختونخوا موئے تھائی چیمپئن شپ پشاور ریجن نے ٹرافی اپنے نام کرلی
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) پشاور میں منعقدہ 20ویں آل خیبرپختونخوا موئے تھائی چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، صوبے کے مختلف اضلاع اور ڈویڑنز سے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
سنسنی خیز مقابلوں کے بعد پشاور نے پہلی، مالاکنڈ نے دوسری، مردان نے تیسری جبکہ کوہاٹ ڈویڑن نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل میاں ریحان تھے، جنہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں پوزیشن میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں، جبکہ ایونٹ کے آفیشلز کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا موئے تھائی ایسوسی ایشن کے صدر الیاس آفریدی، سیکرٹری جنرل عنایت اللہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح صوبائی محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاو ¿نٹس شاہ فیصل نے کیا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل میاں ریحان نے کہا کہ صوبے میں موئے تھائی کے فروغ اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے مقابلوں کے ذریعے مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
خیبرپختونخوا موئے تھائی ایسوسی ایشن کے صدر الیاس آفریدی نے بھی خطاب کرتے ہوئے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن صوبے میں موئے تھائی کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین اور آفیشلز کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔



