لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا ایک اور شاندار اعزاز ،
پاکستان انڈر 17 کے 16 رکنی سکواڈ میں لاہور ریجن کے پانچ کھلاڑی منتخب

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا ایک اور شاندار اعزاز ،
پاکستان انڈر 17 کے 16 رکنی سکواڈ میں لاہور ریجن کے پانچ کھلاڑی منتخب
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک مرتبہ پھر قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور مضبوط کرکٹ نظام کا لوہا منوا لیا۔ پاکستان انڈر 17 کرکٹ ٹیم کے 16 رکنی سکواڈ میں لاہور ریجن کے پانچ باصلاحیت کھلاڑی منتخب ہو گئے، جو لاہور ریجن کے لیے نہایت قابلِ فخر اور خوش آئند اعزاز ہے۔
پاکستان انڈر 17 ٹیم میں منتخب ہونے والے لاہور ریجن کے کھلاڑیوں میں داود توقیر رانا بطور اوپننگ بلے باز، حسن علی اور محمد احسان بطور فاسٹ باؤلرز، محمد یعقوب خان بطور بیٹنگ آل راؤنڈر جبکہ عیسیٰ بلوچ بطور وکٹ کیپر شامل ہیں۔
اس شاندار کامیابی پر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے قومی انڈر 17 ٹیم میں منتخب ہونے والے تمام کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا بلاشبہ ہر نوجوان کرکٹر کا خواب ہوتا ہے،
خواہ وہ کسی بھی سطح پر ملک کی نمائندگی کرے۔ ان کھلاڑیوں کا قومی ٹیم میں انتخاب ان کی مسلسل محنت، عزم، صلاحیت اور بہترین کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ لاہور ریجن کو اس بات پر فخر ہے کہ یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے باصلاحیت نوجوان مسلسل قومی سطح پر اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کائزن پینٹ لاہور ریجن کرکٹ اکیڈمی اور لاہور ریجن کے تمام کوچنگ اسٹاف کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی محنت، رہنمائی اور پیشہ ورانہ تربیت کے نتیجے میں نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی سطح تک پہنچنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔
انہوں نے منتخب کھلاڑیوں کے کلبز، والدین، کوچز اور ان تمام افراد کو بھی مبارکباد پیش کی جنہوں نے ان نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کی کامیابی کے پیچھے اس کے والدین، کلب، کوچز اور کرکٹ سے وابستہ دیگر افراد کی مسلسل محنت اور حوصلہ افزائی شامل ہوتی ہے۔
صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن قومی کرکٹ کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تیاری اور فروغ میں اپنا کردار پہلے سے بھی زیادہ مؤثر انداز میں جاری رکھے گی
اور نوجوان کرکٹرز کو بہترین تربیتی ماحول اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔



