
پشاور میں پہلی بار ڈیفنس ڈے سوئمنگ گالاکا شاندار انعقاد
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں پہلی بار ڈیفنس اینڈ شہداء ڈے سوئمنگ گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں پشاور، نوشہرہ، مردان اور کوہاٹ سے بڑی تعداد میں نوجوان تیراکوں نے شرکت کی۔
ریجنل اسپورٹس آفس پشاور اور خیبرپختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ مقابلوں میں بیگنرز، انڈر10، انڈر12 اور انڈر15 کیٹیگریز میں مختلف سوئمنگ ایونٹس کرائے گئے۔
انڈر15 میں اعزاز اختر نے 50 میٹر فری اسٹائل، بیک اسٹروک، بریسٹ اسٹروک اور بٹر فلائی میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے شاندار کارکردگی دکھائی۔
انڈر12 میں فواد نے 50 میٹر فری اسٹائل جبکہ عبداللہ نے بیک اسٹروک میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انڈر10 فری اسٹائل میں موحد یاسر اور بیک اسٹروک میں مہد افضل نے پہلی پوزیشن حاصل کی،
جبکہ بیگنرز کے 50 میٹر فری اسٹائل میں ثاقب فاتح رہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس شاہ فیصل ، ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے
ان کے ہمراہ اے ڈی سپورٹس محمد اشفاق ، صوبائی سوئمنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری جاوید مروت، انٹرنیشنل کوالیفائیڈ کوچ مبین احمد خلیل ، ارشد خان ، سابق صدر سوئمنگ ایسوسی ایشن محمد آصف سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔
ریجنل اسپورٹس آفیسر پشاور احمد زمان نے کہا کہ نوجوان تیراکوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرنے کے لیے آئندہ بھی ایسے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔
کے پی سوئمنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری جاوید مروت نے گالا کے انعقاد کو سراہتے ہوئے مبین احمد خلیل اور ارشد خان اورکزئی کی کاوشوں کی تعریف کی۔
گالا کے ذریعے نوجوان تیراکوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مسابقتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملا، جبکہ تقریب 1965ءکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بھی منعقد کی گئی۔



