برینڈن ٹیلر نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا، ون ڈے کرکٹ کے طویل ترین کیریئر کا نیا ریکارڈ قائم

برینڈن ٹیلر نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا، ون ڈے کرکٹ کے طویل ترین کیریئر کا نیا ریکارڈ قائم
کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور بڑا ریکارڈ تبدیل ہوگیا، سچن ٹنڈولکر کا طویل عرصے سے قائم اعزاز اب زمبابوے کے برینڈن ٹیلر کے نام ہوگیا،زمبابوے کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے ون ڈے کرکٹ میں ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترتے ہی ٹیلر نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ دیا۔
برینڈن ٹیلر نے گزشتہ روز ہرارے اسپورٹس کلب میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں شرکت کرکے مردوں کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے طویل کیریئر رکھنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔
40 سالہ برینڈن ٹیلر نے 2004 میں اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جو اب 22 سال اور 148 دن پر محیط ہوچکا ہے۔ اس طرح انہوں نے بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا،
جن کا شاندار ون ڈے کیریئر 1989 سے 2012 تک مجموعی طور پر 22 سال اور 91 دن جاری رہا۔طویل ترین ون ڈے کیریئر رکھنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سری لنکا کے سابق آل راؤنڈر سنتھ جے سوریا تیسرے نمبر پر ہیں۔
ان کا ون ڈے کیریئر 1989 سے 2011 تک 21 سال اور 184 دن پر محیط رہا۔پاکستان کے لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
انہوں نے 1975 سے 1996 تک 20 سال اور 272 دن ون ڈے کرکٹ کھیلی۔برینڈن ٹیلر کی طویل عرصے بعد ون ڈے کرکٹ میں واپسی نے نہ صرف ان کے کیریئر میں ایک تاریخی سنگ میل کا اضافہ کیا
بلکہ انہیں ون ڈے تاریخ کے طویل ترین کیریئر رکھنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی سب سے اوپر پہنچا دیا۔ٹیلر زمبابوے کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ان کا کیریئر کئی اتار چڑھاؤ سے گزرا۔
2022 میں انسداد بدعنوانی قوانین کی خلاف ورزی پر آئی سی سی نے انہیں ساڑھے تین سال کی پابندی عائد کی تاہم سزا مکمل کرنے کے بعد انہوں نے 2025 میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی تھی۔سچن ٹنڈولکر جیسے عظیم نام کا ریکارڈ توڑنا برینڈن ٹیلر کے طویل اور شاندار ون ڈے سفر کا ایک یادگار باب بن گیا ہے۔



