قومی کرکٹرز کو اپنی مرضی سے ٹریننگ کرنے دی جائے،میانداد

کراچی: (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کو اپنی مرضی سے ٹریننگ کرنے دی جائے، مکی آرتھر اپنے طریقے ان پر تھوپنے کی کوشش نہ کریں۔ ہیڈ کوچ کو یہ بات سمجھنا چاہئے کہ پاکستانی کھلاڑی نفسیاتی اعتبار سے غیر ملکی پلیئرز کے مقابلے میں بہت زیادہ مختلف ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ قومی کرکٹرز نفسیاتی لحاظ سے غیر ملکی کرکٹرز کے مقابلے میں یکسر مختلف ہیں اور ہیڈ کوچ کو یہ بات سمجھ لینا چاہئے کہ انہیں روایتی انداز کی کوچنگ درکار ہے۔ اگر قومی کرکٹرز کو فری ہینڈ دیا جائے اور انہیں اپنے حساب سے تیاری کا موقع ملے تو اس کے زیادہ بہتر اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے پانچ ٹاپ بیٹسمینوں کو چاہیے کہ وہ سنگل اور ڈبلز کی زیادہ سے زیادہ پریکٹس کریں اورجارحانہ بیٹنگ کیلئے غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر باؤنڈریز کے چکر میں نہ پڑیں ورنہ ٹیم کمتر سکور پر ڈھیر ہوتی رہے گی۔ جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کی، ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی ایسی ہی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ ضروری ہے۔

 

error: Content is protected !!